ہمیں اپنے کردار واعمال سے اپنے آپکو مسلمان اور حضور ؐکا عاشق ثابت کرنا چاہیے، قونصل جنرل طارق وزیر – Kashmir Link London

ہمیں اپنے کردار واعمال سے اپنے آپکو مسلمان اور حضور ؐکا عاشق ثابت کرنا چاہیے، قونصل جنرل طارق وزیر

اولڈہم( محمد فیاض بشیر)آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو انسانیت تک پہنچانے کے لیے یورپین اسلامک سنٹر اولڈہم میں آٹھویں سالانہ سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف مسالک کے علمائے کرام اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دلی محبت و عقیدت کا عملی نمونہ پیش کیا۔نقابت کے فرائض یورپین اسلامک سنٹر کے خطیب و امام مولانا محمد اقبال نے نبھائے ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔قاری رفیق احمد کو بابرکت سعادت نصیب ہوئی۔ جبکہ طلحہ طارق اور محمد عمران ظفر نے آقائے دو جہاں کی بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت کے پھول پیش کیے۔ مہمانان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر طارق وزیر،میئر راچڈیل کونسلر عاصم رشید،لارڈ واجد خان، یو کے اسلامک مشن کے سنیئر نائب صدر میاں عبدالحق،نارتھ زون مانچسٹر کے صدر افضل ملک، یو کے اسلامک مشن کے علماء اکرام و مشائخ ،سنیئر رہنما و شوری ممبر ضمیر احمد،ظہیر احسان اور میڈیا انچارج نارتھ مانچسٹر خالد چوہدری،یورپین اسلامک سینٹر کے منتظمین کے علا وہ چوہدری مسرت، چوہدری انور یعقوب،بلال بابر سولیسیٹر،کونسلر افتخار احمد،کونسلر محمد زمان،کونسلر شکیل احمد اور کاروباری و سماجی شخصیات کے علاوہ جید علمائے کرام مولانا قاری شفیق الرحمن شاہین ، امام ظہور چشتی ڈاکٹر محمود چانڈیو اور قاری جہانگیر بدر نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر قونصل جنرل طارق وزیر کا کہنا تھا کہ علمائے کرام نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات حقوق العباد پر زور دیا ۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے کردار واعمال سے اپنے آپکو مسلمان اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عاشق ثابت کرنا چاہیے۔ لارڈ مئیر راچڈیل کونسلر عاصم رشید کا کہنا تھا کہ اگر ہم حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سیرت اور سنت پر عمل کریں تو زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔ برطانوی ایوان بالا کے رکن لارڈ واجد خان کا کہنا تھا کہ ہمیں حضور پاک کی زندگی سے سیکھنا چاہیے وہی ہمارے لیے حقیقی مشعل راہ ہے۔ امام مولانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ سیرت کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کہ ہمارے اندر یہ احساس پیدا ہو کہ ہم ایک نبی کے ماننے والے ایک جھنڈے تلے جمع ہیں ۔ یوکے اسلامک مشن برطانیہ کے نائب صدر میاں عبد الحق نے کہا ہم نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو مدعو کیا تاکہ سیرت کے پیغام کو عام کیا جائے تاکہ کمیونٹی کے اندر اسلام کا حقیقی پیغام پہنچ سکے۔

صدر یوکے اسلامک مشن نارتھ ویسٹ ریجن افضل ملک کا کہنا تھا کہ ہمارا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ جس سے حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھلک نظر آئے ۔ برطانیہ کی ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت مسرت چوہدری کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کا حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات بسے باخبر رکھنے کے لیے ایسی معلوماتی محافل کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ کانفرنس میں خواتین نوجوانوں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی مہمانوں کی تواضع روایتی کھانوں سے کی گئی ۔یورپین اسلامک سنٹر میں آٹھویں سالانہ سیرت کانفرنس میں تمام مسالک کے علمائے کرام کی شرکت اس بات کا اعادہ ہے کہ انسانیت کو درپیش مسائل کا حل آقائے کائنات کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes