نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے ہی معاشرے کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے؛ڈپٹی میئر برمنگھم – Kashmir Link London

نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے ہی معاشرے کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے؛ڈپٹی میئر برمنگھم

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) ڈپٹی میئر برمنگھم سٹی کونسل کونسلر محمد عظیم، کونسلر ظہور ملک، کونسلر ماجد، میئر آف ووسٹر کونسلر چوہدری اللہ دتہ، چوہدری خالد اور دیگر نے آشیانہ کرکٹ لیگ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ان شخصیات کا کہنا تھا کہ کھیل انسانی زندگی کا لازمی ہونا ہونا چاہیئے صحتمند سرگرمیوں کی عدم موجودگی میں انسان طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہورہا ہے۔

انعامات حاصل کرنے والی ٹیموں میں سنڈے لیگ، اتوار لیگ، سنیچر ڈے لیگ، ہفتہ وار لیگ، مڈ ویک لیگ شامل تھیں،ڈویژن کی سطح جیتنے والی ٹیموں کو مہمانان خصوصی نےانعامات سے نوازا، اور انفرادی کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات دئیے گئے۔ کورونا کی وجہ سے یہ تقریب گزشتہ دو سال سے نہیں ہوسکی تھی، اس لیے شائقین کرکٹ، کمیونٹی شخصیات نے تقریب میں گرمجوشی سے شرکت کی اور ہال کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔

تقریب کے انتظامات میزبان چوہدری محمد شفیق، کونسلر ملک ظہور نے کئے تھے۔ نظامت کے فرائض کونسلر ملک ظہور نے انجام دیئے، اس موقع پر کھلاڑی انتہائی خوش تھے۔ ڈپٹی لارڈ میئر برمنگھم کونسلر چوہدری عظیم نے کہا کہ یہ تقریب انتہائی خوش آئند ہے، ایک جانب مختلف کمیونٹیز کے نمائندوں کو مل بیٹھنے کا موقع ملا اور دوسری جانب ہماری کمیونٹی سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل کھلاڑی اور ان کی کارکردگی کھل کر سامنے آئی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ایسی سرگرمیوں میں شریک کرکے اسٹریٹ کرائم، نائف کرائم سے دور کرکے مین اسٹریم معاشرے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

میئر آف ووسٹر کونسلر چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ اس تقریب کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کرکٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا جذبہ بیدار کیاجس طرح نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر مہمان نوازی کی وہ قابل تحسین ہے۔ چوہدری محمد شفیق کا کہنا تھا کہ اپنے طور پر ہم نے کرکٹ کو فروغ دینے کا کام شروع کر رکھا ہے، سٹی کونسل سمیت دیگر تنظیمیں اگر تعاون کریں تو اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جاسکتا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب اسی کمیونٹی اور اسی آشیانہ کرکٹ لیگ سے کھلاڑی بھر کر سامنے آئیں گے اور برطانیہ کی نمائندگی کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کے لیے باعث فخر ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes