کووڈ سے مرنے والوں میں سکاٹش پاکستانیوں کی تعداد شرح کے لحاظ سے سب سے زیادہ – Kashmir Link London

کووڈ سے مرنے والوں میں سکاٹش پاکستانیوں کی تعداد شرح کے لحاظ سے سب سے زیادہ

ایڈنبرا (کشمیر لنک نیوز) سکاٹ میں صحت کے ایک ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ کووڈ سے مرنے والوں میں سکاٹش پاکستانیوں کی تعداد شرح کے لحاظ سے سب سے زیادہ ہے۔ نیشنل ریکارڈ آف اسکاٹ لینڈ کے تازہ ترین اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد میں سفید فام اسکاٹش افراد کے مقابلے میں کورونا سے مرنے کے امکانات3.7گنا زیادہ ہیں۔

پاکستانیوں کے مقابلے میں انڈین اور چائنیز میں یہ امکان دگنا اور دیگر ایشیائی پس منظر کے افراد میں تین گنا زیادہ ہے۔ اسکاٹش سفید فام افراد میں انگلش سفید فام کے مقابلے میں اموات کی شرح0.8فیصد زیادہ ہے، جبکہ دیگر سفید فام کمیونٹیز میں کورونا سے مرنے کی شرح اسکاٹش عوام کے برابر ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے خوشحال علاقوں کے مقابلے میں غریب اور پسماندہ علاقوں کے افراد میں کورونا سے فوت ہونے کی تعداد ڈھائی گنا زیادہ ہے اور کورونا کی وبا کے دوران امیر اور غریب علاقوں میں فرق میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل ریکارڈز کے مطابق مجموعی طور پر کووڈ سے اموات کی تعداد ستمبر کے اوائل سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

ادارے کے سربراہ پیٹ وائٹ ہائوس نے یہ بھی واضع کیا ہے کہ اگلے دو ہفتے اس بات کا ثبوت فراہم کریں گے کہ کیا اموات میں حالیہ کمی مستقل اور مسلسل کمی کا آغاز ہے یا کہ صرف وقتی اتار چڑھائو کا نتیجہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes