بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ رائٹس ملنا اوورسیز پاکستانیوں کی عظیم فتح ہے،سید طارق محمودالحسن – Kashmir Link London

بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ رائٹس ملنا اوورسیز پاکستانیوں کی عظیم فتح ہے،سید طارق محمودالحسن

دبئی(کشمیر لنک نیوز)وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سید طارق محمود الحسن نے دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوے لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر مبارکباد دی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا حقیقی مطلب یہی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔

وائس چیئرپرسن مخدوم سید طارق محمود نے بتایا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات کے تین روزہ دورہ پر ہیں اور یو اے ای میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے بارے آگاہی دینے، اوورسیز کے مسائل سننے اور نئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتانا چاہتے ہیں۔اس ضمن میں ہم دبئی میں آج شام ایک اوورسیز کانفرس بھی منعقد کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے بارے آگاہی دی اور ان کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے ہونے والے اقدامات شئیر کیے جائیں۔

وائس چئیر پرسن نے بتایا کہ او پی سی کے قیام کو سات سال ہوچکے ہیں یہ ادارہ 2014 میں قائم ہوا تھا اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کمیشن نے گیارہ ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا ہے جو کہ گزشتہ دور کے چار سالوں میں صرف 5 ہزار تھا۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2014 سے 2018 تک کیسز حل ہونے کی شرح 37% تھی۔2018 سے 2021 تحریک انصاف کی حکومت میں 63% ہے۔

وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کے قیام اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے آگاہی کیلئے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ باقاعدہ قانون سازی کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز کمیشن حکومت پنجاب ادارہ کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ اوورسیز پاکستانیز کوسستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کےساتھ تارکین وطن کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور حکومت پاکستان اس مشن پر دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ او پی سی میں وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر انقلابی اقدامات کیے جارہے ہیں جن کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مشکلات کا تدارک ہے۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب جناب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب اوورسیزپاکستانیز کمیشن کے دفتر میں مال خانہ کا افتتاح کیا گیا ہے جہاں سے اوورسیز پاکستانی پنجاب بھر سے اپنی زمین کی فرد یا ملکیتی کاغذات حاصل کرسکتے ہیں۔او پی سی آفس میں نادرا کا کاؤنٹر پہلے سے ہی کام کررہا ہے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نادرا کی خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں جلد ہی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے امیگریشن کاؤنٹر یعنی پاسپورٹ آفس بھی قائم کیا جارہا ہے۔

سید طارق محمودالحسن نے مزید بتایا کہ دنیا کے مختلف ٹائم زونز کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو اوپی سی میں رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا جس کا ازالہ کرنے کیلئے اوپی سی میں 24/7ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے جس کے نمبرز 009242-111-672-672 اور 00924299202299 پر چوبیس گھنٹے سٹاف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سننے کیلئے موجود ہے۔

وائس چیئرمین اوورسیز کمیشن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کی خاطر او پی سی نے موبائل ایپلیکیشن بھی لانچ کی ہے جس کا افتتاح خود وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا اور اس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو خدمات ان کی فنگر ٹپس پر مہیا کرنا ہے۔سید طارق محمود الحسن نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے میں اسپیشل ریوینیو ڈیسک اور ون ونڈو آپریشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

وائس چیئرمین نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری میں سہولت کی فراہمی کیلئے پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ کا آفس بھی او پی سی میں بنایا جارہا ہے۔جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کی آگاہی اور ان کی پذیرائی کیلئے ایک ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کو بلا کر اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہاو پی سی کے تمام دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی اپنائی گئی ہے جہاں تمام اوورسیز پاکستا نی بغیر کسی اپوائنٹمنٹ کے وائس چیئرمین، کمشنر، ڈی جی اور متعلقہ ضلعی چیئرمینوں کو اپنی شکایات سے آگاہ کرسکتے ہیں۔

یادرہے کہ پاکستان کو 2021 میں 30 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات موصول ہوئیں۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے کیونکہ انہوں نے سال 2021 کے دوران ریکارڈ $13.77 بلین ڈالر بھجوائے۔ ہم متحدہ عرب امارات میں رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں حکومت پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes