پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی 63 فیصد شکایات حل کردیں؛ وائس چیئر او پی سی – Kashmir Link London

پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی 63 فیصد شکایات حل کردیں؛ وائس چیئر او پی سی

لندن (مونا بیگ) پاکستان میں اوررسیز کا سب سے بڑا مسئلہ انکی جائیدادوں پر قبضہ ہے جسے حکومت پنجاب نے بڑی سنجیدگی سے لیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عملے انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے مافیاز کا خاتمہ کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ تین برسوں میں بلا خوف و خطر کام کرنے والی اس مافیا سے نمٹنے کیلئے سخت محنت کی، جس نے اوورسیز پاکستانیز، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں چوری کرنے کو اپنا پیشہ بنا رکھا تھا۔

ان خیالات کا اظہار اوورسیز پنجاب کمیشن کے وائس چیئرمین طارق محمودالحسن نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ایک میڈیا بریفنگ میں کیا۔ انکا کہنا تھا ان اقدامات کے نتیجے میں اوورسیز پاکستانیز خصوصاً برطانیہ سے تعلق رکھنے والوں کی شکایت میں کمی آئی ہے اور شکایت کنندگان کے اطمینان کے مطابق ہزاروں کیسز کے بیک لاگ کو کلیئر کر دیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی متعارف کرائی ہے۔

سید طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیز کیلئے پاکستان کے کسی بھی رہنما سے زیادہ کام کیا اور اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کو بااختیار بنانے اور انہیں پاکستان کے معاملات میں زیادہ رائے دینے کیلئے ووٹ کا حق دینے کی تحریک کی قیادت کی اور تمام تر مشکلات کے باوجود اس محاذ پر کامیابی بھی حاصل کی۔

سید طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان سے قبل اوورسیز پاکستانیز کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ڈائنامکس کو تبدیل کر دیا اور اوورسیز پاکستانیز کو وی آئی پی سٹیٹس دیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے پنجاب اور اوورسیز پاکستانیز کیلئے زبردست کام کیا ہے لیکن انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کیونکہ ان پر تنقید کرنا فیشن بن گیا ہے۔ ان کے کام کی صحیح طریقے سے مارکیٹنگ نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عثمان بزدار ایک شاندار خاندانی پس منظر رکھتے ہیں اور وہ مہذب اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ ان وزرائے اعلیٰ کی طرح نہیں جو پبلسٹی اور میڈیا کی سرخیوں کیلئے زندہ رہتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کچھ اچھا کرتے ہیں تو کام خود بولتا ہے، میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر برطانیہ کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ اوورسیز پاکستانیز کو ان کوششوں سے آگاہ کر سکوں، جو پنجاب حکومت ان کے ایشوز کو حل کرنے کیلئے کر رہی ہے اور عثمان بزدار کی جانب سے انہیں خیر سگالی کا پیغام پہنچائوں۔ انہوں نےکہا کہ جلد ہی 80 ملکوں کے اوورسیز پاکستانیز کا ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا، جس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکت کریں گے اور ان کی کامیابیوں کا جشن منایا جائے گا۔

طارق محمود الحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ تین برسوں کے دوران تمام شکایات میں سے 63 فیصد کو حل کیا ہے جبکہ گزشتہ حکومت نے صرف 37 فیصد کیسز نمٹائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی آن لائن اور ٹیلی فون سروس کے ذریعے اپنی شکایات رجسٹر کروا سکتی ہے، خواتین کی سہولت کیلئے ہم نے ادارے میں دو خواتین بھی بھرتی کررکھی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes