دولت مشترکہ کھیلوں کی علامتی ٹارچ کوئنز بیٹن لندن سے کراچی پہنچ گئی، مزار قائد پر تقریب کا انعقاد – Kashmir Link London

دولت مشترکہ کھیلوں کی علامتی ٹارچ کوئنز بیٹن لندن سے کراچی پہنچ گئی، مزار قائد پر تقریب کا انعقاد

لندن (مسرت اقبال) برطانیہ میں آئیندہ سال ہونے والی دولت مشترکہ گیمز کے سلسلے میں کوئینز بیٹن ملکوں ملکوں سفر کرتی ہوئی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی لایا گیا جہاں سے اسے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی درس گاہ سندھ مدرستہ الاسلام لایا گیا جہاں سیکڑوں طلبہ و طالبات نے اس کا استقبال کیا۔

سندھ مدرستہ الاسلام کے آڈیٹوریم میں ہونے والی پُروقار تقریب میں برٹش ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر جنرل عارف حسن، ایتھلیٹس طلحہ طالب، ارشد ندیم، انعام بٹ سمیت کئی کھلاڑی بھی موجود تھے، طلبہ نے کوئنز بیٹن کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنائیں۔ بعد ازاں کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے مزار قائد پہنچی، جہاں بیٹن وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حوالے کی گئی، تقریب میں برٹش ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن سمیت اولمپئنز، ایتھلیٹس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

واضع رہے کوئنز بیٹن نے 269 دنوں میں 90 ہزار میل کا فاصلہ طے کرتے ہوئے دولت مشترکہ کے 72 ممالک کا دورہ کر رہی ہے۔ بیٹن نے اپنے سفر کا آغاز 7 اکتوبر کو بکنگھم پیلس سے کیا اور پاکستان 23واں ملک ہے جہاں وہ اپنا سفر مکمل کر رہی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز آئندہ سال جولائی میں انگلینڈ میں ہوں گے، پاکستان کی درجن سے زائد کھیلوں میں شرکت کی توقع ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes