لندن (کشمیر لنک نیوز) پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم ،شہید بے نظیر بھٹو کے 14ویں یوم شہادت کے موقع پر ’’دخترِ مشرق‘‘ کے عنوان سے ایک آن لائن عالمی مشاعرہ منعقدکیا گیا جسکا اہتمام پروگریسو تھاٹس انٹرنیشنل نے کیا تھا۔ مشاعر ے میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے عالمی شہرت یافتہ شعرا نے شرکت کی۔ نظامت بزم ناز انٹر نیشنل کے چیئر مین سیف اللہ سیفی نے کی اور ان کی معاونت یوسف ابراہم نے کی جب کہ صدارت ممتاز شاعرہ شاہدہ حسن نے کی۔
مہمانانِ خصوصی نامور شاعر ناصر کاظمی مرحوم کے صاحبزادے باصر کاظمی اور تنویر انجم تھے۔مہمانِ اعزازی ریحانہ روحی کے علاوہ دیگر معتبر شعرا میں بھارت سے ترقی پسند شاعر ریاض رحیم، پی پی پی کلچرل ونگ پنجاب کے صدرڈاکٹر خالد جاوید جان، برلن جرمنی سے ڈاکٹر عشرت معین سیما اورڈاکٹر حنا امبرین طارق شامل تھے۔ مشاعرے میں شہید بے نظیر بھٹو کو منظوم خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مختلف خوب صورت کلام پیش کئے گئے۔ شعراء نے منظوم خراجِ عقیدت پیش کرنے سے قبل شہید بے نظیر بھٹو کی شخصیت کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مشاعرے کے آغاز میں یوسف ابراہم نے معروف شاعرہ اور ماہر تعلیم رحمت النساء ناز کی مشہور نظم’’شہید کی بیٹی‘‘ پیش کرکے شرکا سے داد وصول کی۔مشاعرےکو پی پی پی وائس آف بھٹوز، جے بی آئی وی ایل، پی پی پی گلف/مڈل ایسٹ، پی پی پی ہالینڈ، انقلابی آواز فورم اور دیگر کا تعاون حاصل تھا جبکہ اسے لندن، مانچسٹر، بریڈفورڈ، برمنگھم، اور گلاسگو سمیت برطانیہ بھر میں آن لائن دیکھا اور سنا گیا۔
آخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئےمعروف ترقی پسند شاعر سید فارغ بخاری کے صاحبزادے،پی پی پی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور وائس آف بھٹوز کے بانی سید طاہر عباس بخاری نے اپنے والد کی مشہورِ زمانہ نظم’’قاتلو جواب دو، خون کا حساب دو‘‘ سنا کر حاضرین سے داد سمیٹی۔