شہید بے نظیر بھٹو کے راستے پر چلتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ – Kashmir Link London

شہید بے نظیر بھٹو کے راستے پر چلتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) دنیا بھر کی طرح برطانیہ کے بڑے شہر برمنگھم میں بھی پیپلز پارٹی کی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالانہ برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکا انتظام پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے بزرگ رہنما حاجی شریف مغل کی جانب سے تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پارٹی کے سینیئر رہنما اور مرکزی نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن تھے جب کہ صدارت چوہدری علی شان نے کی نظامت کے فرائض ابرار چوہدری نے ادا کئے ۔ تقریب میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی ۔

تقریب سے پی پی پی برطانیہ کے مرکزی رہنما خواجہ کلیم الرحمٰن،پی پی پی برمنگھم کے سینئر نائب صدر چوہدری شبیر احمد،صدر محفل چوہدری علی شان،ابرار چوہدری،سابق صدر پی پی پی سینڈول طاہر بلتھوی،رکن فیڈریل کونسل امین چوہدری اور دیگر نے شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کے مظلوم عوام کے جمہوری اور معاشی اور سماجی حقوق کی بحالی کے لیے تیس سال جدوجہد کی اور اسی جدوجہد کی راہ میں اپنی جان قربان کردی، ہم شہید بے نظیر بھٹو کے راستے پر چلتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے اس بات کااعادہ کیا کہ ہم چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ بھٹو خاندان نے خون کے نذرانے پیش کرکے پاکستان کے غریب اور مظلوم عوام کی ہمیشہ ترجمانی کی ذولفقار علی بھٹو کے بعد ان کی بیٹی نے بھی اپنی جان قربان کرکے پاکستان کی جمہوریت میں نئی تاریخ رقم کی۔ میزبان تقریب شریف مغل اور چوہدری امین کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بھی بے نظیر تھیں ۔

شہداء گڑھی خدا بخش کا ادھورا مشن جاری رہے گااور ایک نہ ایک دن پاکستان میں جمہوریت کا فتح ملے گی جبکہ آخر میں محترمہ بینظیر بھٹو ،ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو اور شہدائے پی پی پی کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے لئے دعا کروائی گئی ۔

50% LikesVS
50% Dislikes