قائد اعظم محمد علی جناح قیامت تک برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں پر راج کرتے رہینگے؛ پیر منور شاہ جماعتی – Kashmir Link London

قائد اعظم محمد علی جناح قیامت تک برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں پر راج کرتے رہینگے؛ پیر منور شاہ جماعتی

برمنگھم (رپورٹ و تصاویر: ربنواز چغتائی) قائدِاعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے یوم پیدائش حوالے سے برمنگھم میں قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے کی۔ دیگر خاص مہمانوں میں کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، پیر طیب الرحمٰن اور بیرسٹر چوہدری شہزاد کریم شامل تھے۔

مقررین نے بانی پاکستان قائد اعطم محمد جناحؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ وطن کی دولت سے نوازا، لیکن جن عظیم مقاصد کے لیے الگ وطن حاصل کیا تھا وہ مقاصد آج تک ادھورے ہیں۔ ان خوابوں کی تکمیل کیلئے قوم کے ہر ہر فرد کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پیر سید منورحسین شاہ جماعتی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح قیامت تک برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں پر راج کریں گے، وہ ہر دور کے اندر ہمارے لیے قائد اعظم کے ساتھ ساتھ ولی اللہ کا درجہ رکھتے ہیں، انہوں نے کہا ہمارے جد امجد پیر جماعت علی شاہ نے قیام پاکستان کے لیے جس طرح قائد اعظم کا ساتھ دیا تھا ہم اس سلسلے کو ہمیشہ جاری رکھیں گے اور پاکستان کی بقا و سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرینگے۔

50% LikesVS
50% Dislikes