قرآن پاک کے فیوض و برکات سے مکمل مستفید ہونے کیلئے ترجمہ اور تفسیر پڑھنی ضروری ہے؛ علما کرام – Kashmir Link London

قرآن پاک کے فیوض و برکات سے مکمل مستفید ہونے کیلئے ترجمہ اور تفسیر پڑھنی ضروری ہے؛ علما کرام

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) آج سائینس اور ٹیکنالوجی کے جدید دور میں بہت سے حقائق ناصرف قرآنی معجزات سے ثابت ہورہے ہیں بلکہ اس پاک کتاب کو بنیاد بناتے ہوئے بہت نئی ایجادات کی راہ ہموار کی جارہی ہے اسلئے ہم مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ جدید علوم سے وابستہ ہونے اور ان پر عبور حاصل کرنے کے لیے قرآن حکیم کو حفظ کے ساتھ ساتھ ترجمہ اور تفسیر کیساتھ پڑھیں تاکہ اسے اچھی طرح سمجھ سکیں اور اسکی فیوض و برکات سے بہرہ ور ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جامع مسجد مکی برمنگھم میں منعقدہ جلسہ تکمیل قرآن میں کیا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض مبلغ اسلام قاری اظہار احمد نے سرانجام دیئے جبکہ چار حفاظ کرام حافظ محمد ابوبکر ، حافظ شارق علی ، حافظ سلیمان اسرار اور حافظ عیسیٰ محمد کو قرآن پاک مکمل کرنے پر دستار فضیلت اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ معروف علما کرام مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا محمد یحییٰ عباسی، مولانا احمد عمران، مولانا طارق مسعود، ڈاکٹر شوکت علی خان اور دیگر نےخطابات کرتے ہو ئے قرآن پاک کی فضیلت و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو اپنا کھویا وقار اور عروج حاصل کرنے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات کی طرف لوٹنا ہوگا ۔ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں نجات اور کامیابی و کامرانی ممکن ہے۔

علما کرام کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہمیں نئی نسل کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تعلیم بھی دینا ہو گی تاکہ امت مسلمہ اپنی کھوئی ہوئی علمی میراث واپس حاصل کر سکے۔ اس بابرکت تقریب میں مفتی محمود الحسن ، مولانا محمد خالد، حافظ عدیل تصور، مولانا محمد نیاز، حافظ محمد امجد، ڈاکٹر نثار احمد، سعید خان، سردار اسلم خان و دیگر نے شرکت کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ نعت خواں سید عزیز الرحمٰن شاہ نے خوبصورت انداز میں حمد اور نعت پیش کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes