سانحہ مری پر پاکستانی اداکار بھی افسردہ، سفر سے پہلے موسم کی جانچ ضرور کیا کریں؛ فیمیلیز کو نصیحت – Kashmir Link London

سانحہ مری پر پاکستانی اداکار بھی افسردہ، سفر سے پہلے موسم کی جانچ ضرور کیا کریں؛ فیمیلیز کو نصیحت

لندن (مونا بیگ) سانحہ مری نے جہاں پوری قوم کو سوگوار کر رکھا ہے وہیں پاکستانی اداکاروں نے بھی اس سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ معروف اداکار فیصل قریشی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اسے ایک الیمیہ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مری میں ہونے والے واقعات نے دل افسردہ کردیا ہے اللہ پاک اپنا رحم فرمائیں۔ معروف اداکارہ صبا قمر نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے براہ کرم اپنی اور پیاروں کی زندگی کیلئے ہمیشہ سفری معلومات لیکر گھر سے نکلیں۔

پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اس ساحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موسم کی خرابی کی باعث مری میں پھنسی ہوئی فیملیز کی مدد کے لیے مری کے ایک ہوٹل سے رابطے کے لیے فون نمبر شیئر کیا ہے۔ ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر لکھا ہے کہ موجودہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے ایسی فیملیز جو بچوں کے ساتھ مری میں پھنسی ہوئی ہیں اور اُنہیں مدد کی ضرورت ہے تو برائے کرم رہائش اور مدد کے لیے اس ہوٹل کے فون نمبر پر رابطہ کریں۔

ماہرہ خان کے پیغام میں مزید لکھا کہ ہم ایسی فیملیز کی میزبانی کریں گے جن کے ساتھ چھوٹے بچے ہیں۔ انہوں نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ پیغام ’ڈِنگلی ڈیل مری‘ کی جانب سے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہوچکی ہے۔ تاہم ملکۂ کوہسار مری میں برف باری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی ہے، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes