پیپلز پارٹی برمنگھم کے زیراہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب، بلاول کو وزیر اعظم بنوانے کا عزم – Kashmir Link London

پیپلز پارٹی برمنگھم کے زیراہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب، بلاول کو وزیر اعظم بنوانے کا عزم

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی مڈلینڈ و برمنگھم کے زیر اہتمام قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں رہنمائوں نے عہد کیا ہے کہ وہ قائد شہید کے افکار و نظریات کی پاسبانی کرینگے۔ انکا کہنا تھا کہ ان کے نظریات و افکار اور ویژن پر آج بھی عمل درآمد کرکے نہ صرف ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالا جا سکتا ہے بلکہ ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر صدر پیپلزپارٹی مڈلینڈ چوہدری شاہ نواز، صدر برمنگھم پیپلزپارٹی قیوم راجہ، جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد عزیز، سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری الیاس، سابق مشیر راجہ فضل الرحمٰن، محمد ایوب سرکھوی، چوہدری حنیف، راجہ خالد خان، وقاص الحق گجر اور دیگر نے کہا کہ شہید قائد عوام کی سالگرہ پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ انکے نواسے نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا آئندہ وزیراعظم بنا کر دم لیں گے۔

چوہدری شاہ نواز کا مزید کہنا تھا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی سیاست کی بنیاد رکھ کر عام آدمی کو شریک اقتدار کیا ایک سازش کے تحت انہیں تختہ دار پر چڑھایا گیا جسکا خمیازہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ قیوم راجہ نے کہا کہ آج بھٹو کا فلسفہ تیسری نسل تک منتقل ہو چکا ہے ہماری اولادیں اب بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ چل رہی ہیں۔ چوہدری ارشاد عزیز نے کہا کہ عوام آئندہ بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

وقاص الحق گجر، ایوب سرکھوی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں لوگ بھٹو کی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری الیاس، چوہدری حنیف، چوہدری وحید سرکھوی نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے لوکل باڈیز کے انتخابات میں شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریہ کی جیت ہوگی۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں عوام ایک بار پھر بھٹو والا جذبہ لیکر آگے بڑھیں گے اور کامیابیاں سمیٹیں گے۔ آخر میں کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes