عمران خان کو دل دے چکا، یقین ہے کہ وہ دوسری بار بھی وزیر اعظم منتخب ہوں گے؛عطا اللہ عیسیٰ خیلوی – Kashmir Link London

عمران خان کو دل دے چکا، یقین ہے کہ وہ دوسری بار بھی وزیر اعظم منتخب ہوں گے؛عطا اللہ عیسیٰ خیلوی

لندن (عمران راجہ) کورونا سے ستائے برٹش پاکستانیوں کوبرطانیہ بھر میں اپنی سریلی آواز کے جادو سے مسحور کرتے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی انتی مشکل صورتحال میں بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کا علم اٹھائے ہوئے ہیں۔ یہاں ایک شو کے بعد صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ انہیں یقین کامل ہے کہ عمران خان اگلی بار کیلئے بھی وزیر اعظم منتخب ہوجائیں گے۔

اپنی روزمرہ زندگی کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ وہ میاں والی میں زیادہ تر دریائے سندھ کے کنارے وقت گزارتے ہیں، جہاں ان کی جوانی زیرو میٹر ہوجاتی ہے اور انہیں سکون و فرحت محسوس ہوتی ہے۔ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ اگرچہ وہ زائدالعمری کی وجہ سے کمزور ہوچکے ہیں، تاہم ان سے متعلق پھیلنے والی زیادہ تر خبریں غلط ہوتی ہیں۔ وہ لاہور چھوڑ کر آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گئے ہیں، کیوں کہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض زیادہ تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کہنا تھا انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی، ابھی عمران خان کو محض تین سال ہوئے ہیں اور اتنی کم مدت میں تو کوئی درخت بھی پھل نہیں دیتا۔ تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید کچھ وقت دیا جانا چاہیے اور انہیں یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی آکر رہے گی۔انہوں نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو اپنا دل دے چکے ہیں۔ ان کا جب بھی دل چاہتا ہے وہ عمران خان سے ملنے چلے جایا کرتے ہیں اور جب بھی وزیر اعظم کا دل گانے سننے کے لیے بیتاب ہوتا ہے تو انہیں بلالیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے بڑے صاحبزادے سانول امریکا میں ہیں جب کہ ان کی بیٹی لاریب بھی امریکا میں ہیں اور وہ ہولی وڈ فلموں میں اینیمیشن اور ایفیکٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی ہیں جب کہ ان کے ایک بیٹے بی بی سی میں ملازمت کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes