سفارش کی کوئی گنجائش نہیں،کمیونٹی کے جو بھی مسائل ہوں براہ راست رابط کرے،آفتاب کھوکھر

ویانا(کشمیرلنک نیوز) پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،مرکزی چیئرمین حاجی قمر حسین چوہدری کی زیر قیادت پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور یکجہتی کے حوالےسے تقریب کا انعقاد کینٹ ریسٹورنٹ 21 ڈسٹرکٹ میں کیا گیا۔سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی ۔اس موقع پر کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ،سابق سفارت کار حیات مہدی،العصر اسلامک سنٹر ویانا،پاکستانیوں کی پہلی مسجد البلال ،پاکستان مسلم لیگ ن،پاکستان تحریک انصاف ،امام بار گاہ سجاد اسلامک سنٹر،بزنس کمیونٹی،ادارہ لمصطفی سنٹر،آسٹروپاک فیملیز ، اے پی پی سی آسٹریا سمیت کرکٹ کلبس کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا۔

سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ پاک فرینڈز آسٹریا کی قومی اتحاد کی تقریب میں کمیونٹی سے تعارف ہوا،انہوں نے ڈاکٹر حافظ محمد ریاض کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں،انہوں نے مذید کہا کہ آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان کا اصل کام آپ لوگوں سے رابطہ ہے ، ہماری کوشش ہے اپنی سفارتی زمہ داری کو اچھے طریقہ سے چلائیں، پہلی ذمہ داری آپ لوگوں کے مسائل کا حل ہے۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ آپ کے جو بھی مسائل ہوں آپ براہ راست رابط کریں، کسی کے ذریعے نہیں آئیں، میرے پاس سفارش کی کوئی گنجائش نہیں، ہر ماہ کے آخر میں سفارتخانہ کے زیر اہتمام کھلی کچہری ہوتی ہے، آپ اس میں شرکت کریں اور اپنے مسائل مجھے بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان نے 14 اگست یوم آزادی کا پروگرام کیا تھا، آپ سب نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس پر شکر گزار ہوں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو برابری کے حقوق حاصل ہیں،آپس میں اتحاد پاکستان کے وقار اور سربلندی کے لئے بہت ضروری ہے۔

پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب کا ایک ساتھ بیٹھنا اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اتحاد کی علامت ہے،ہیں انہوں نے کہا یہاں اہل تشیع اور مختلف سیاسی جماعتوں کے صدور جن میں پی ٹی آئی،مسلم لیگ سب اکھٹے ہیں جب کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے لوگ ایک دوسرے کو غدار کہتے ہیں، سب جماعتوں کا احترام کرتے ہیں مگر ہم دیار غیر میں سب پاکستانی ہیں، ویانا میں کوئی بھی پروگرام ہو چاہے رمضان المبارک میں افطاری ہو سب ایک جگہ افطاری اور نماز ادا کرتے ہیں، پاک فرینڈز آسٹریا اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے سب کو اسی طرح اتحاد کی دعوت دیتی رہے گی اور جو کوئی بھی پاکستان کے وقار اور سربلندی کے کوئی کارنامہ سر انجام دے گا اس کی مدد میں ہم آگے ہوں گے جیسا کہ ویانا میں ایک پاکستانی ڈاکٹر حافظ محمد ریاض نے ایک کلینک کھولا ہے جس سے پاکستانی کمیونٹی کو بہت مدد ملے گی کیونکہ سب سے بڑا مسئلہ پاکستانیوں کو جرمن زبان سمجھنے کاہے،ہم ڈاکٹر کو اپنی بیماری صحیح طریقہ سے بتا اور سمجھا ہی نہیں سکتے، یہ مسئلہ بھی ڈاکٹر حافظ محمد ریاض نے حل کردیا ہے۔

ڈاکٹر حافظ محمد ریاض نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ میں شکر گزار ہوں پاک فرینڈز آسٹریا اور سفیر پاکستان نے مجھے کمیونٹی میں متعارف کروایا میں ہر وقت پاکستانی کمیونٹی کے لیے حاضر ہوں آپ مجھے کسی وقت بھی کال کرکے وقت لے سکتے اور مجھے ایمرجنسی میں بھی مل سکتے ہیں۔سابق سفارت کارحیات مہدی نے بھی پاک فرینڈز آسٹریا کے اتحاد کو سراہا اور ڈاکٹر حافظ محمد ریاض کے لیے تعاون اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ نے اپنے مختصر خطاب میں پاک، فرینڈز آسٹریا کو اتحادو یکجہتی پاکستان پر تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے آخر میں قاری شبیر نے اجتماعی دعامیں امت مسلمہ اور پاکستان اور حاضرین کے اتحاد کے لیے دعا کی۔تقریب میں مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نے اتحاد کی مثال قائم کرتے ہوئے قومی نغمہ سنایا جس پر شرکاء نے داد دی۔اس سے قبل سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر تقریب میں پہنچے تو پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،مرکزی چیئرمین حاجی قمر حسین چوہدری،جنرل سیکرٹری حاجی رانا محمد ادریس،محسن بلوچ،چوہدری امجد چھٹہ،الطاف جمال مغل نے پاک فرینڈز کے عہدیداران کے ہمراہ انہیں خوش آمدید کہا۔تقریب کا آغاز محسن بلوچ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔نعت رسول مقبولﷺ پڑھنے کی سعادت حاجی قمر حسین چوہدری نے حاصل کی۔نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری حاجی رانا محمد ادریس نے ادا کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں