وسیم اکرم نے یقینی بنایا کہ پاکستان 1992ء کے بعد ورلڈ کپ نہ جیت سکے – Kashmir Link London

وسیم اکرم نے یقینی بنایا کہ پاکستان 1992ء کے بعد ورلڈ کپ نہ جیت سکے

لاہور(سپورٹس رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ مجھے بھارت کے خلاف 1996 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں ٹاس سے صرف 5 منٹ پہلے بتایا گیا کہ میں کپتان ہوں۔گذشتہ چند دنوں سے سابق کپتان سلیم ملک کی جانب سے میڈیا پر بیانات کے بعد سے پاکستان کرکٹ میں میچ فکسنگ کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث ہے۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے قومی ٹیم کے اوپنر اور سابق کپتان عامر سہیل نے بھی اس حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔ عامر سہیل نے انکشاف کیا کہ بھارت کے خلاف 1996 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں کپتان وسیم اکرم کے نہ کھیلنے کے بارے میں دوست پہلے ہی بتاچکے تھے البتہ منیجر انتخاب عالم نے کہا وسیم اکرم کھیلیں گے، پھر گراؤنڈ میں مجھے صرف 5 منٹ پہلے بتا یا گیا کہ بھارت کے خلاف آپ کپتان ہیں وسیم اکرم نہیں کھیلیں گے۔پاکستان کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کہتے ہیں کہ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بورڈ میں تعینات کیے گئے ہیں وہ کیسے قومی اسمبلی میں بورڈ کے بارے میں دستاویزات دینے سے انکار کر سکتےہیں؟ عامر سہیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ وسیم اکرم کا پاکستان کر کٹ میں کردار ورلڈ کپ کے تناظر میں حیران کن نوعیت کا ہے،انھوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان 1992ء کے بعد ورلڈ کپ نہ جیت سکے اور وزیر اعظم عمران خان نے انھیں صدارتی ایوارڈ سے نواز کر جو کام کیا ہے،وہ قابل تحسین نہیں ،وزیر اعظم احتساب کی بات کرتے ہیں تو سب سے پہلے وسیم اکرم کو کر کٹ بورڈ سے علیحدہ کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes