امریکہ اور یورپ کے بعد لندن کی مساجد بھی اذانوں سے گونج اٹھیں – Kashmir Link London

امریکہ اور یورپ کے بعد لندن کی مساجد بھی اذانوں سے گونج اٹھیں

لندن (خصوصی رپورٹ: عدیل خان) برطانوی دارالحکومت لندن کے مسلمان اسوقت خوشگوار حیرت کا شکار ہوگئے جب عین افطار کے موقع پر انکے کانوں میں مسجد سے اذان کی آواز سنائی دینے لگی، جی ہاں دنیا کے دیگر ممالک کیطرح برطانیہ کی بہت سی کونسلز نے بھی مساجد کو لائوڈاسپیکر پر اذان کی اجازت دیدی ہے، تفصیلات کے مطابق امریکہ، کینیڈا اور چند یورپی ممالک کے بعد برطانیہ کے مختلف حصوں میں بھی مسلمانوں کو لائوڈ اسپیکر پر اذان کی اجازت دیدی گئی ہے۔
مشرقی لندن کے علاقے والتھم فاریسٹ کی سب سے بڑی جامع مسجد میں جب موذن نے لائوڈ اسپیکر پر اذان شروع کی تو قرب و جوار سے مسلمانوں کی کثیر تعداد اللہ اکبر کا ورد کرتی گھروں سے نکل آئی، سالہا سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر لوگوں نے ایسی اذان پہلی دفعہ سنی تھی، والتھم فاریسٹ کونسل میں مسلمان اکثریتی کمیونٹی کی صورت میں آباد ہیں جہاں مسلمان کونسلرز بڑی تعداد میں موجود ہیں، مسجد انتظامیہ کے سیکریٹری جنرل راجہ الیاس نے میڈیا کو بتایا کہ کونسل سے باقاعدہ اجازت کونسل آف ماسک نے لی ہے جسکے تحت متعدد مساجد میں لائوڈ اسپیکر پر اذانیں ممکن ہوسکیں گی، انکا کہنا تھا کہ یہ اجازت صرف ماہ رمضان میں نماز جمعہ اور افطار کیلئے ہے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ ہم سارے سال کیلئے دن میں کم از کم ایک اذان کی اجازت حاصل کرلیں۔
اذان کی اجازت کی وجہ بتاتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہم نے کونسل کو اس امر پر راضی کیا کہ کورونا کیوجہ سے لوگ مساجد میں افطار اور نماز کیلئے نہیں آسکتے اسلیئے انکی سہولت کیلئے یہ اجازت دی جائے جس پر کونسل نے بخوشی اجازت دیدی، اس سے قبل مختلف کونسلز نماز جمعہ یا عیدین کے موقع پر فری پارکنگ کی اجازت بھی دے چکی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes