پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ کے احتجاجی جلسہ میں صاحبزادہ جہانگیر اور جارج گیلوے کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ کے احتجاجی جلسہ میں صاحبزادہ جہانگیر اور جارج گیلوے کی خصوصی شرکت

مانچسٹر(محمد فیاض بشیر)پاکستان میں جہاں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شہر شہر گھوم کر جلسے کررہی ہے اسی طرح اوورسیز اور خاص طور پر برطانیہ کے بڑے شہروں میں ایسے ہی زور دار جلسے منعقد کئے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ کے صدر آصف بٹ کی قیادت میں منعقدہ مانچسٹر میں ایک بڑے جلسے میں عمران خان کے معاو ن خصوصی صاحب زادہ جہانگیر اور برٹش پارلیمنٹیرین جارج گیلوے نے خصوصی شرکت کی۔

رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کو مبینہ طور پر غیر ملکی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا اور مبینہ طور پر میاں نواز شریف کے پورے خاندان کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے اس خاندان کی پاکستان کے اقتدار پردوبارہ واپسی کی شدید مذمت کی۔ صاحبزادہ جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم لیڈر کی پیروی کرتی ہے ،پوری دنیا میں عمران خان نے پاکستان کانام روشن کیا، انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستانی قوم کو خود مختار اور آزاد قوم بننے کاگر بتایا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے فالورز تین گنا بڑھے ہیں، ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،اسی لیے پوری پاکستانی قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

سابق برٹش پارلیمنٹیرین جارج گیلوے نے کہا کہ پاکستان غلام نہیں کہ کوئی بھی طاقت مداخلت شروع کر دے۔ کون سا ایسا ملک ہے جہاں کابینہ کے چوبیس ارکان ضمانت پر ہوں، انتخابات ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ بزنس مین چوہدری بلال غفور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ بیرونی مداخلت سے عمران خان کی حکومت گرا دی گئی۔آزاد خارجہ پالیسی عمران کا جرم بنادیا گیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حمایت میں نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آصف بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کہتے تھے آپ نے گھبرانا نہیں اب عوام کہتی ہے کہ عمران خان اب آپ نے گھبرانا نہیں کیونکہ پورا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے، ڈاکٹر شاہد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورعمران خان کی خصوصی ہدایت پراوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جس میں بہت زیادہ کامیابی حاصل ہوئی،کیونکہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes