برٹش پاکستانی کمیونٹی سے لوگ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نام اور مقام بنارہے ہیں؛ افضل خان ایم پی – Kashmir Link London

برٹش پاکستانی کمیونٹی سے لوگ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نام اور مقام بنارہے ہیں؛ افضل خان ایم پی

مانچسٹر (کشمیر لنک نیوز) 5 تن چیمبرز والوں نے رمضان کے بابرکت مہینے میں کمیونٹی کے مختلف افراد کو اکٹھا کرکے رب العزت کا شکر ادا کرنے کا موقع فرہم کا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی کے بہت لوگ مختلف شعبہ ہائے زندگی خاص طور پر وکالت میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ لوگ ہماری نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل ہیں ۔ میڈیا اور لیگل فیلڈ سے وابستہ کمیونٹی ممبران ہماری کمیونٹی کے لیے بہت اہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیڈو وزیر انصاف افضل خان نے ملک کامران کی طرف سے بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں دیئے گئے ایک افطار ڈنر کے دوران کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور ہدیہ نعت رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا۔ تقریب میں شیڈو وزیر انصاف افضل خان، قونصلر جنرل ترکی، بیرسٹر ذیشان علی، ڈاکٹر طاہر پاشا، طارق غنی، چوہدری طاہر صدیق، شیخ کمال مصطفیٰ، سابق لارڈ مئیر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، چئیرمین برٹش مسلم ہیریٹج سینٹر ناصر محمود چغتائی، سالیسٹر جواد امین، کونسلر حامد علی، حاجی عبدالغفار صنم،ڈاکٹر طاہر پاشا، اقبال صدیقی، سالیسٹر ملک طارق، فرزانہ افضل، آدم صدیق، سالیسٹر رانا ضیا بابر، امجد حسین مغل اور دیگر نے شرکت کی۔

ملک کامران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ہم مل کر افطار کریں اور غور کریں کہ کیا ہم رمضان المبارک کی تمام برکتیں حاصل کر رہے ہیں۔ انسان اشرف المخلوقات ہے، ہمیں چاہیے کہ ہماری کمیونٹی کے وہ لوگ جن کے پاس وسائل نہیں ہیں،ان کی مدد کریں۔ترک قونصل جنرل نے کہا کہ ترکی اور پاکستان میں برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔ بیرسٹر ذیشان،سالیسٹر مہک طارق اور دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ 5 ٹین چیمبرز کمیونٹی کی خدمات کے لیے سالیسٹر اور بیرسٹر فراہم کر رہے ہیں۔ جن کا مقصد پاکستانیوں کو پراپرٹی، فیملی اور ویزا مسائل پر سہولیات دینا ہے۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران بھی کام کیا ہے۔ خواتین کو بھی اس فیلڈ میں آنا چاہئیے تاکہ وہ اپنی خواتین کلائنٹس کے مسائل سن سکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes