رمضان المبارک میں کی گئی عبادات کا عکس باقی 11 ماہ میں بھی نظرآنا چاہیے، حافظ اعجاز احمد – Kashmir Link London

رمضان المبارک میں کی گئی عبادات کا عکس باقی 11 ماہ میں بھی نظرآنا چاہیے، حافظ اعجاز احمد

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) لوٹن میں عید الفطر کے بڑے اجتماعات ویسٹ بورن روڈ پر واقع لوٹن سنٹرل ماسک میں منعقد ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی ۔نماز عید الفطر کی پہلی جماعت 7:30بجے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد کی امامت میں ادا کی گئی، عید اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ حافظ اعجاز احمد نے کہا کہ عیدالفطر اور عید الاضحٰی دو دن خوشی منانے کے دن ہیں، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں کی گئی عبادات کا عکس باقی 11ماہ میں نظرآنا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ جہاں عید ایک طرف خوشی کا دن ہے لیکن ساتھ ہی دنیا بھر میں جہاں ظلم ہوتا ہے مسلمان اس کیخلاف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کشمیر ہو یا فلسطین عید پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو عبادات سے روکا جارہا ہے۔ لوٹن کے مسلمان اس بڑے پلیٹ فارم سے بھارت کے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ پاک کشمیر کو آزادی اور ملک پاکستان کو استحکام عطا فرمائے۔ انہوں نے یہ دعا بھی کی کہ اللہ پاک پاکستان آرمی کو مضبوط فرمائے۔

اس موقع پر حاجی چوہدری محمد قربان ، ملک پنوں اور دیگر انتظامیہ کے عہدے دار نمازیوں کو ویلکم کرتے رہے، نائب صدر چوہدری محمد نثار نے بھی خطاب کیا جبکہ لارڈ قربان حسین نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ بھر میں ایک عید کا منایا جانا باعث مسرت ہے اور لوٹن میں سب سے بڑے عید اجتماعات پر لوٹن سنٹرل ماسک مبارکباد کی مستحق ہے، حاجی چوہدری محمد قربان نے بھی لوگوں کی بھرپور شرکت اورایک عید منانے کے قومی جذبے کو سراہا، اکیڈمک جمیل احمد، سماجی شخصیت شبیر احمد مغل، صدر پاکستان مسلم لیگ ن لوٹن راجہ زاروب، راجہ رفیق، بیرسٹر رمیض رفیق، راجہ مشتاق، خلیل احمد، عقیل احمد، قاری عثمان، شرکاء میں شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes