ریاض (کشمیر لنک نیوز) مدینہ منورہ میں مسجد نبوی سے متصل عجائب گھر میں خلفائے راشدینؓ کے ادوار کی قیمتی اشیا اور فن تعمیر کی نمائش کا آغاز ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر مدینہ پرنس فیصل بن سلمان نے اپنے دیگر معتدمین کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ جس میں قیمتی اشیا، فن تعمیر کے سا تھ مسجد نبوی سے متعلق قیمتی دستاویزات اور استعمال کی اشیا بھی موجود ہیں۔
نمائش کا مقصد مدینہ منورہ میں آنیوالے زائرین کی دلچسپی کو مزید بڑھانا اور اُن کیلئے سعودی عرب کے سفر کو اہمیت دینا ہے۔ میوزیم میں خلفائے راشدین کے دور کی تعمیراتی ثقافت اور تاریخ سمیت املاک کے نمائشی ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔ ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن خالد الفیصل نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور اشیا سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ المدینہ المنورہ ریسرچ سنٹر، ڈویلپمنٹ آف مدینہ اتھارٹی اور کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر کے مشترکہ تعاون سے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔