عمران خان نے وہ تباہی مچائی جس کی مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا؛ نوازشریف – Kashmir Link London

عمران خان نے وہ تباہی مچائی جس کی مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا؛ نوازشریف

لندن (اکرم عابد) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا، پاکستان میں70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وہ تباہی مچائی ہے، جس کی مثال نہیں ملتی، شکر ادا کرو جان چھوٹی ہے، آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے سیاسی، معاشی، اقتصادی، آئینی اور معاشرتی بحران پیدا کردیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت سر سے پاؤں تک بحران پیدا کر کے گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کل لندن پہنچیں گے، ان سے کل اہم امور پر بات چیت ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے آصف زرداری سمیت دیگر اہم ایشوز پر کئے گئے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

واضع رہے وزیراعظم شہباز شریف کی اپنی کابینہ کے ہمراہ لندن میں قائد ن لیگ نواز شریف سے ملاقات آج سہ پہر 3 بجے حسن نواز کے دفتر میں ہوگی۔ وزير دفاع خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق، وزیرداخلہ راناثناءاللہ، اور کابینہ کے ديگر اراکین وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے اور آنے والے دنوں کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے نواز شریف کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی نوازشریف اور سابق وزیرداخلہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں اہم فیصلے متوقع ہیں، لندن میں ہونیوالی ملاقات میں الیکشن سمیت اہم قومی امورپرمشاورت کی جائے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes