پاکستان میرا دوسرا گھر ہے،ملک میں ہر جمہوری حکومت کو سپورٹ کرتا ہوں،میئر صادق خان – Kashmir Link London

پاکستان میرا دوسرا گھر ہے،ملک میں ہر جمہوری حکومت کو سپورٹ کرتا ہوں،میئر صادق خان

لندن (کشمیر لنک نیوز)میئر آف لندن صادق خان نے کہا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے والدین پاکستانی ہیں اور وہ خود پاکستان نژاد ہیں، انہیں لندن جیسے بڑے اور عالمی شہرت یافتہ شہر کا میئر بننا نصیب ہوا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے لندن کے ٹریفاگر اسکوائر میں منعقد کئے گئے عید میلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عید میلہ کوویڈ 19کی پابندیوں کے باعث دوسال بعد منعقد ہوا جس میں مسلمانوں کے علاوہ دوسری کمیونٹیز کے ہزاروں افراد نےبھی شرکت کی۔ میلے کے دوران ظہر کے وقت اسٹیج سے اذان بھی دی گئی اور اس موقع پر خواتین اور مردوں کے لئے نماز کی جگہ کا الگ الگ انتظام کیا گیاتھا۔

میلے میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جب کہ میٹروپولیٹن پولیس نے مسلمانوں کی پولیس کی بھرتی کے سلسلے میں معلومات دیں ،این ایچ ایس نے بھی ویکسین کی آگاہی دینے کے لئے اسٹالز لگائے تھے۔ میلے میں مسلمان موسیقاروں نے موسیقی کے پروگرام بھی پیش کئے۔ اس موقع پر لوگوں کو اسلام اور مسلمانوں کے رہن سہن سے آگاہی کے لئے خصوصی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔

میئر صادق خان نے کہا کہ انہیں معلوم ہےکہ پاکستان کے عوام نے مارشل لاء کے دوران مشکلات کا سامنا کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت قائم رہے اور لوگوں کی مالی مشکلات میں کمی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چونکہ ان کا دوسرا گھر ہے اس لئے وہ ہمیشہ پاکستان کے لئے دعاگو رہتے ہیں، اس سوال پر کہ کیا وہ پاکستان میں موجودہ حکومت کوسپورٹ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہر جمہوری حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں۔

صادق خان نے ایک سوال پرکہاکہ ان کے کنزرویٹو پارٹی کے زیک گولڈسمتھ نے 2016ء کے میئر الیکشن کے دوران ان کے خلاف اسلاموفوبیا کی مہم چلائی تھی اور ان کی بعض لوگوں نے حمایت کی تھی۔ ان کا کہناتھا کہ اگربعض لوگ اسلاموفوبیا کی حمایت کرتے ہیں تو وہ اس بارے میں کیا کہہ سکتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes