یاسین ملک اور دیگر اہم کشمیری راہنماؤں کی رہائی کیلئے تحریک حق خود ارادیت نے لائحہ عمل مرتب کر لیا – Kashmir Link London

یاسین ملک اور دیگر اہم کشمیری راہنماؤں کی رہائی کیلئے تحریک حق خود ارادیت نے لائحہ عمل مرتب کر لیا

مانچسٹر(محمد فیاض بشیر)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے حریت کانفرنس کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 24 مئی کو ہڑتال کی کال کا خیر مقد م کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تحریک کے عہدیداران پہلے سے ہی برطانوی ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز، کونسلروں اور بااثر کمیونٹی راہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ڈپٹی لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈارچیئرپرسنJKSDMI-UK، ذیشان عارف، کونسلر صبیحہ خان، سابق کونسلر کنیز اختر، محمد ہیری بوٹا و دیگر نے برطانوی شہروں مانچسٹر اور لیڈز میں برطانوی شیڈو منسٹرالیکس سوبل ایم پی، ڈاکٹر افضل خان ایم پی، سر ٹونی لوئڈ ایم پی، ڈاکٹر روزینہ ایم پی، میئر آف ویسٹ یارک ٹریسی برابن، لارڈ میئر آف لیڈز، میئر آف بری کونسلر شاہینہ ہارون راجہ، ڈپٹی لیڈر آف بری کونسل، مختلف کونسلروں اور نارتھ آف انگلینڈ کے کمیونٹی راہنماؤں کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں اور کشمیر لابی مہم کو مذید تیز کیا۔

راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ یاسین ملک اور دیگر اہم کشمیری راہنماؤں کی رہائی جن میں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، سید صلاح الدین، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، پیرسیف اللہ، تاجر ظہور احمد وٹالی، سابق رکن اسمبلی انجینئر رشید شامل ہیں کے سلسلہ میں اور مقبوضہ جموں کشمیر کی انتہائی سنگین صورتحال پر بات چیت کرنے کے لئے ہماری تحریک کے عہدیداران نے 24 مئی 2022 کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایک خصوصی اجلاس کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس اجلاس میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی جن میں ڈیبی ابراھم ایم پی چیئرپرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر، لارڈ واجد خان، بیرسٹر عمران حسین ایم پی، اینڈریو گوئن ایم پی، ناز شاہ ایم پی و دیگر شامل ہیں۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران نے برطانیہ کے مختلف شہروں میں مختلف کشمیری تنظیموں کے ساتھ خصوصی رابطے کرنا شروع کر رکھے ہیں تا کہ یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے سلسلہ میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے اور یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے لئے بھارت پر عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ہم سب مل کر یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے لئے بین الاقوامی سطح پر قانونی و سفارتی محاذ پر بھی میدان عمل میں اُتریں گے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ہم ہر بین الاقوامی سفارتی محاذ پر یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے سلسلہ میں مضبوط اور ہم خیال رائے عامہ کو ہموار کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes