مانچسٹر؛ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے زیراہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد – Kashmir Link London

مانچسٹر؛ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے زیراہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے پاکستانی کمیونٹی سینٹر مانچسٹر میں منعقد ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس کے اختتام پر اپنی تحریک کی جانب سے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو خصوصی ایوارڈز اور خصوصی شیلڈز پیش کیں اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک اس طرح کے دیگر پروگراموں کو بھی حتمی شکل دے چکی ہے جن کا اعلان بہت جلد کر دیا جائے گا۔تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمان خان، راجہ نجابت حسین، راجہ غضنفر خالق، کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر نائلہ شریف، مشعال عقیل کشمیری، سابق لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان،حریت راہنما سیدیوسف نسیم و دیگرکی جانب سے جن نامور شخصیات کو ایوارڈز اور خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں ان میں لارڈ میئر آف مانچسٹرکونسلر ڈونالڈفورڈ، لارڈ میئر آف سٹوک آن ٹرینٹ کونسلر فیصل حسین، میئر آف بولٹن کونسلر اختر زمان،محمد ہیری بوٹا،مسلم ہینڈز پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مجتبیٰ حیدر اور قمر عطاء،ممتازمصنفہ قیصرہ شیرازشامل ہیں۔

راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ میں اپنی جانب سے اور اپنی پوری ٹیم کی جانب سے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری تحریک کی سرگرمیوں کی کوریج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں ہماری تحریک کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کے ساتھ جتنے بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعاون کیا ہے میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے کام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کے ساتھ تعاون کرنے والے برطانوی ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز، لارڈز، کونسلرز اور دیگر کمیونٹی راہنماؤں کا بھی انتہائی مشکور ہوں جن کی عملی کوششوں اور کاوشوں کی بدولت ہماری تحریک نے منظم اور مضبوط انداز میں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں کامیاب لابی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کو تسلسل کے ساتھ برطانوی پارلیمنٹ اور برطانیہ کے بیشتر بڑے چھوٹے شہروں میں مختلف تقریبات منعقد کرکے اُجاگر کیا جاتا رہا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ نئے منتخب ہونے والے لارڈ میئرز اور ڈپٹی لارڈ میئرز و دیگر ہمارے ساتھ پہلے سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور ان کے تعاون کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

راجہ نجابت حسین نے مسلم ہینڈز کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جو فلاحی، رفاعی اور ترقیاتی کاموں میں جہاں دنیا کے بیشتر ممالک میں اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں وہیں انہوں نے میرپور آزادجموں وکشمیر میں بھی بہت عملی کام کیا ہے جسے خراج تحسین پیش کیا جانا ضروری ہے اور اس کا سار ا کریڈٹ مسلم ہینڈز یو کے کے سرپرست پیر سید لخت حسنین اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ حریت راہنما سید یوسف نسیم نے مسئلہ کشمیرکو پوری دنیا میں اُجاگر کرنے کیلئے اور مسئلہ کشمیر کا پر امن حل تلاش کرنے کے لئے اپنی پر امن اور طویل جدو جہد جاری رکھی ہوئی جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور پوری دنیا ان کے کام سے واقف بھی ہے اور ان کے کام کی معترف بھی ہے اور ہم سب انہیں اپنی تحریک کی جانب سے زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔راجہ نجابت حسین نے اس کانفرنس میں شریک ہونے والے تمام شرکاء کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ان سے اسی طرح کے بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes