کراچی میں تعمیر ہونے والا شوکت خانم کینسر ریسرچ ہسپتال آئیندہ سال فعال ہوجائے گا؛ نائلہ خان – Kashmir Link London

کراچی میں تعمیر ہونے والا شوکت خانم کینسر ریسرچ ہسپتال آئیندہ سال فعال ہوجائے گا؛ نائلہ خان

بارسلونا (کشمیر لنک نیوز) معروف کاروباری شخصیت چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بریفنگ کے حوالے سے سجائی گئی محفل میں ڈاکٹر نائلہ خان اور معروف ایکٹر و سنگر فخرعالم نے خصوصی شرکت کی جبکہ کمیونٹی سے سنیئر صحافی جاوید مغل ،شیراز بھٹی ،راجہ شفیق کیانی ،محمد اقبال چوہدری ،چوہدری شعیب ورک ،ملک عمران ،پروفیسر طاہر ،قدیر احمد خان ،سعید اختر حیدری،راجہ بشارت علی ، غضنفر منظور،عظمت حسین مہر میاں عاصم رزاق،چوہدری شہباز کھٹانہ و دیگر شریک تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان شخصیت نے بتایا کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور اور پشاور میں عوام کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اب کراچی میں ان دونوں ہسپتالوں سے بھی بڑا ہسپتال بنے گا۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر نائلہ خان جو ان دنوں فنڈ ریزنگ کیلئے یورپی دورہ پر تھیں نے مزید کہا کہ کینسر جیسے موژی مرض کا علاج انتہائی مہنگا ہونے کی وجہ سے عوام کی دسترس سے باہر ہے۔


انہوں نے بتایا کہ کینسر کی بیماری دیگر بیماریوں سے اس لیے خطرناک ہے کیونکہ کسی کو کینسر کا پتہ چلتا ہے تو موت کا خوف ہوتا ہے اور دوسرا اس کا علاج سب سے مہنگا ہے۔اس موقع پر معروف سنگرفخرعالم نے کہا کہ جن کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں ہیں وہ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بدقسمتی سے کینسر ایسی بیماری ہے جس کا فوری کوئی علاج نہیں ہے اور مخیر حضرات کو اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔


فخرعالم نے کہا کہ ہمارے پاس ہسپتالوں کی کمی ہے، ہر روز کینسر کے مریض آتے ہیں لیکن جگہ کم ہونے اور قابل علاج ہونے کے باوجود واپس بھیج دیتے ہیں، اسی لیے کراچی کا ہسپتال بنایا جارہا ہے اوراگلے سال تک فعال ہوجائے گا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عمران ملک نے ادا کئے۔تلاوت قرآن پاک کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes