فوربز بزنس میگزین؛ تیس سال سے کم عمر کامیاب افراد کی عالمی لسٹ میں چار پاکستانی بھی شامل – Kashmir Link London

فوربز بزنس میگزین؛ تیس سال سے کم عمر کامیاب افراد کی عالمی لسٹ میں چار پاکستانی بھی شامل

لندن (عمران راجہ) فوربز بزنس میگزین کی جانب سے 2022 میں 30 سال سے کم عمر کے باصلاحیت نوجوانوں کی فہرست میں چار پاکستانی نوجوانوں کو شمولیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ان میں شوانہ شاہ، در عزیز آمنہ، زین احمد اور محمد سعد شامل ہیں۔ فوربز کی فہرست میں دنیا بھر سے تقریباً 300 نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں کارکردگی کی بنیاد پر جگہ دی گئی۔ ان چاروں کو سوشل ورک اور انسانی حقوق، ادب اور کاروبار کے شعبوں میں اپنی محنت کے بل بوتے پر معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

شوانہ شاہ کو خواجہ سراؤں اور خواتین کے حقوق کی بنا پر فہرست میں شامل کیا گیا۔ شوانہ کہتی ہیں کہ میری تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی جہاں ظلم اور زیادتی کے خلاف چپ نہیں رہا جاتا تھا۔ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کیلئے متحرک شوانہ اس سے قبل محمد علی ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ ان کو اقوام متحدہ کی جانب سے خواتین کی بیجنگ کانفرنس میں بھی شریک کیا گیا تھا۔

در عزیز آمنہ پاکستانی نژاد امریکی لکھاری ہیں جن کی تحریروں کا موضوع زیادہ تر جنوبی ایشیا اور امریکہ کی ثقافت، سیاحت اور ذاتی تجربات بنتے ہیں۔ امریکن فیور‘ نامی ان کا نیا ناول، جو جلد شائع ہونے والا ہے، پاکستان کے دیہی معاشرے کی ایک لڑکی کی کہانی بیان کرتا ہے۔ در عزیز آمنہ کہتی ہیں کہ میری والدہ ایک استاد تھیں جنھوں نے ہمیں لائبریری جانے، کتابیں پڑھنے کی عادت ڈال دی تھی۔ اسی عادت کی بدولت بہت کم عمری ہی میں امریکہ کے ایک تبادلے کے پروگرام کے لیے منتخب ہوئی جہاں ایک دیہی علاقے میں میزبان جوڑے کے ساتھ ایک سال گزارنا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 16 سال تھی۔

محمد سعد صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں برج لنکس کمپنی کے شریک بانی ہیں۔ انھوں نے مصنوعات کی محفوظ ترسیل کے لیے مال بردار گاڑیوں اور ایکسپورٹروں کے درمیان رابطے کے ذرائع مہیا کیے ہیں۔اس منصوبے کے آغاز کے نو ماہ بعد ہی وہ ایک بین الاقوامی کمپنی کی مدد سے دس ملین ڈالر کی فنڈنگ اکھٹا کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ زین احمد بھی رستا نامی کمپنی کے شریک بانی ہیں جنھوں نے گارمنٹس کے برانڈ متعارف کروائے ہیں۔ ان کے کپڑوں کے برانڈ بالی ووڈ کے مختلف اداکاروں نے بھی استعمال کیے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes