کینیڈین دارالحکومت اوٹاوہ میں پاکستان کےمشہور روایتی ٹرک آرٹ کی نمائش، میئر کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

کینیڈین دارالحکومت اوٹاوہ میں پاکستان کےمشہور روایتی ٹرک آرٹ کی نمائش، میئر کی خصوصی شرکت

اوٹاوہ (کشمیر لنک نیوز) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوہ میں پاکستان کےمشہور روایتی ٹرک آرٹ کی نمائش ک انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے بھرپور دلچسپی لی۔اٹاوا کے مصروف ترین کمرشل حصے میں پاکستان کے مشہور اور روایتی ٹرک آرٹ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کےسفیرظہیراے جنجوعہ اور اٹاوا شہر کے میئر جم واٹسن کےعلاوہ شہر کے کونسلرز،کینیڈین حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتےہوئے سفیر پاکستان ظہیراے جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کا ٹرک آرٹ ہماری ثقافت اور سماجی ڈھانچے کا اہم ترین جزو بن چکا ہے اور اب یہ فن ٹرکوں اور بسوں سے گھروں کی دیواروں اور آرٹ گیلریوں سے ہوتا ہوا اپنی خوبصورتی اور دیدہ زیب رنگوں کے بدولت دنیا بھر میں آرٹ کے دلدادہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

اپنےخطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین گرم جوشی پر مبنی قریبی اور مضبوط تعلقات استوارہیں اوردونوں ممالک اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منارہے ہیں جس کوبھرپور انداز سے منانے اور کینیڈا میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ٹرک آرٹ نمائشوں سمیت دیگر کئی پروگرام ترتیب دیے گئے۔پاکستانی سفیر نے اپنے خطاب میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی دونوں ملکوں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں مقیم پاکستانی اور پاکستان نژاد کینیڈینزپاکستان کا اثاثہ ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اوٹاوا شہر کےمیئرجم واٹسن نے دارالحکومت کی اور شہرکی مشہور شاہراہ پر مقامی آبادی اور سیاحوں کی دلچسپی کے لیے پاکستانی ٹرک آرٹ کا ایک دیدہ زیب نمونہ تیار کرنےپر پاکستان ہائی کمیشن اور پاکستانی فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا نے پاکستانی فنکاروں کو شہر کی مصروف شاہراہ پر واقع بلند دیوار پر پاکستان ٹرک آرٹ کی نمائندہ خوبصورت،رنگ برنگی پھول پتیاں، نمونہ جات اورنقش و نگار بناتے ہوئے دیکھا اور خوب پسند کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes