اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا اثاثہ ہیں،وزیراعظم نے مجھے انکی بہتر دیکھ بھال کا کہا؛ امجد ملک

راچڈیل (محمد فیاض بشیر) سرپرست ا علیٰمسلم لیگ ن ناروے نزیر خالد بٹ نے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک سے انکے دفتر میں خصوصی ملاقات کی جس میں ناروے اور اسکینڈینیویا میں بسنے والے پاکستانیوں کے بارے میں اور انکے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرسٹر امجد ملک نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آئی تارکین وطن کیلئے موثر اور مثالی اقدامات کئے گئے ہیں، ڈنمارک کے ساتھ دہری شہریت اسکی ایک ادنیٰ مثال ہے۔

بیرستڑ ملک کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگی قیادت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اقدامات کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ انکی گزارشات مطالبات اور سفارشات پر بہتر داد رسی ہو۔ وزیراعظم پاکستان ملک کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس ملاقات میں انہوں نے خالد نذیر بٹ کی پارٹی خدمات کو بھی سراہا اور کہا آپ جیسے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں انہوں نے صدر مسلم لیگ ن ناروے شاہد تنویر اور مسلم لیگ ن ناروے کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بیرسٹ امجد ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے حالیہ ملاقات میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے مجھے خاص طور پر تارکین وطن کا خاص خیال رکھنے کا کہا ہے، کیونکہ آپ ہمارے بیرون ملک سفیر ہیں۔ سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ ن ناروے نزیر خالد بٹ نے بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے تنظیم نو کے ذریعے مسلم لیگ ن اوورسیز چیپٹرز میں جان ڈال دی ہے، اب مسلم لیگی مذید محنت کیساتھ کام کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں