لندن (عمران راجہ) برطانیہ کے دورے پر آئے لاہور چیمبر آف کامرس کے ایک وفد نے المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور میں جدید آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے لندن میں مرکزی دفتر میں ہونے والی اس تقریب میں لاہور ایوان صنعت وتجارت کے سنیئر نائب صدر رحمان عزیز چن، میاں طارق نثار خالد حمیدفضل ،پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری، چودھری طالب حسین، نوشیروان طارق،علامہ جعفر برکاتی،حسن زیبا، نواز کھرل، نصرت سلیم، ایم ایس ڈاکٹر کیپٹن (ر) انعام الحق سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میاں طارق نثار نے کہا کہ کاروباری افراد کو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے،اسلام میں سب سے زیادہ حقوق العباد کی تلقین کی گئی، پیسہ اللہ تعالیٰ کی امانت ہے،دنیا میں پلاٹ نہ بنائیں ،جنت میں پلاٹ بنائیں،مستحق افراد کی امداد سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے، ہسپتال کے صدر خالد حمید فضل نے کہاکہ مخلوق کی کی خدمت خالق تک رسائی کا ذریعہ ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا کہ المصطفیٰ آئی ہسپتال میں تمام مستحق مریضوں کا مفت علاج جاری ہے، غربت اور مہنگے علاج کی وجہ سے بڑی آبادی اندھے پن کا شکار ہورہی ہے، المصطفیٰ آئی ہسپتال میں جدید مشینوں اور ہائی کوالٹی لینز سے علاج ہورہا ہے، نئے آپریشن تھیٹر میں جدید ترین سٹیلائزیشن، نئے آلات نصب ہیں اور بیرون ملک کے کسی بھی آپریشن تھیٹر سے اسکا موازنہ کیا جا سکتا ہے، المصطفی آئی ہسپتال کامیاب سرجری کے حوالے سے ٹاپ رینکنگ ہسپتالوں میں شامل ہے۔
جامع مسجد ہنسلو لندن کے خطیب علامہ جعفر برکاتی نے کہا کہ المصطفیٰ آئی ہسپتال میں منظم ٹیم موجود ہے،جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، المصطفیٰ دستر خوان میں دوپہر اور رات کا کھانا مفت کھلایا جارہا ہے، کھانا کھلانا عین عبادت ہے جو آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، المصطفیٰ آئی ہسپتال آنکھوں کا نور بانٹ رہا ہے، مریض کی دعا کبھی رد نہیں ہوتی، ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انعام الحق نے کہا کہ تمام عمر سرکاری ملازمت کرتا رہا ہوں لیکن جتنا اطمینان المصطفیٰ آئی ہسپتال میں کام کر کے ہو رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔