پیرس(کشمیر لنک نیوز) پیرس ادبی فورم فرانس کے تعاون سے انڈس ہسپتال کیلئے چیریٹی ڈنر کا اہتمام کیاگیا، پاکستانی کمیونٹی کی مخصوص شخصیات سمیت سفارتخانہ پاکستان فرانس کے پریس قونصلر دانیال گیلانی نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا،پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈس ہسپتال ڈاکٹر پرویز نے بتایا کہ 2005 میں انڈس ہسپتال کی بنیاد کراچی میں رکھی گئی اور 2007 میں انڈس ہسپتال عوام کیلئے کھول دیا گیا تھا، انڈس ہسپتال میں مریض کا بغیر کسی نسل و مذہب کے مفت علاج کیاجاتا ہے،انڈس ہسپتال میں سالانہ ساڑھے پانچ لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیاجاتا ہے۔ہسپتال میں کوئی کیش کاونٹر نہیں اور نہ ہی مریض کا بیک گراونڈ چیک کیاجاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ سالانہ ایک ہزار کینسر کے مریضوں کا علاج کیاجاتا ہے، دوسرے شہروں سے آنیوالوں کو رہائش بھی فراہم کی جاتی ہے، کینیڈا، امریکہ ، دبئی ،جرمنی، یوکے اور آسٹریلیا کے بعد اب فرانس میں بھی فنڈ ریزنگ سسٹم رجسٹرڈ ہوچکا ہے۔
سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان نے بتایا کہ کن مشکلات کیساتھ انڈس ہسپتال کی بنیاد رکھی، انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کیلئے زمین دیکھنے نکلے تو جیب میں پیسے نہیں تھے مگر اللہ پر یقین تھا،آج پاکستان کے مختلف شہروں میں 13 ہسپتال کام کررہے ہیں پندرہ سال میں کوئی ایسا مریض نہیں جسے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج نہ کیاگیا ہو، انہوں نے بتایا کہ انڈس ہسپتال کیلئے ننانوے فیصد فنڈ پاکستان سے ہی عطیہ ہوتا ہے۔2005 میں جو پودا لگایا تھا آج تن آور درخت بن چکا ہے جس کا کریڈٹ پاکستانی عوام اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو جاتا ہے، سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان کی انسانیت کیلئے دی جانیوالی خدمات پر پاکستانی کمیونٹی نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔