عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالم اسلام کےعظیم لیڈر ہیں؛ پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری – Kashmir Link London

عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالم اسلام کےعظیم لیڈر ہیں؛ پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری

لوزرن (کشمیر لنک نیوز) سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزرن میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے بہت بڑا احتجاجی جلسہ منعقدہوا، جلسہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔پی ٹی آئی کی سینئر قیادت رانا شہزاد عارف گھمن، خرم شہزاد اور امبر جیلانی نے خصوصی شرکت کی، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید اصباح حیدر اور عمران مزمل نے انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اسکے بعد قومی ترانہ پڑھاگیا۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے،عمران خان دنیا میں امن کے داعی ہیں، ان کی خودداری اور آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سازش پر اقتدار سے علیحدہ کیا گیا، عمران خان صرف پاکستان نہیں اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر ہے، عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہت دلیری سے لڑا، عمران خان نے ناموس رسالت پر دنیا کو نبی پاکﷺ کی حرمت کا پاس کرنے کا پابند کرایا، اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور عثمان ڈار کے ویڈیو پیغامات بھی سنائے گئے۔

مقامی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کو مبینہ طور پر غیر ملکی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا اور مبینہ طور پر میاں نواز شریف کے پورے خاندان کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے اس خاندان کی پاکستان کے اقتدار پردوبارہ واپسی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب عمران خان پھر مسند اقتدار پر بھاری اکثریت سے فائز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی حکومت کو بالکل نہیں مانتے۔

مختلف مقررین جن میں خواتین رہنما بھی شامل تھیں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد عوام کوآگاہ کرنا ہے کہ پاکستان کے عوام بشمول اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کرپٹ خاندان کی حکومت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، موروثی سیاست کا قلع قمع کیا جائے گا، پی ٹی آئی ایسی بدعنوانیوں اور ظلم کوبرداشت نہیں کرے گی ، شرکا نے عمران خان کی حمایت میں بینرز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے آخر میں پاکستان کی سلامتی کے لیئے دعا کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes