برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود کا وزیراعظم بورس جانسن کو خط،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ – Kashmir Link London

برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود کا وزیراعظم بورس جانسن کو خط،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ

لندن(کشمیر لنک نیوز)برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے ساتھی اراکینِ پارلیمنٹ محمد یاسین ایم پی، طاہر علی ایم پی اور عمران حسین ایم پی کے ساتھ مل کر وزیراعظم بورس جانسن کو کشمیری رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعدخط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیرِاعظم، یاسین ملک کو سزا سنانے کے غیر منصفانہ، نام نہاد اور ناقص قانونی عمل میں مداخلت کریں۔

خط میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ کی حکومت ہندوستان کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئےمسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنائے۔ اس مقصد کے لیے برطانوی حکومت یہ مطالبہ کرے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو انڈیا میں قید تمام کشمیری سیاسی قیدیوں تک رسائی دی جائے تاکہ ان کو مکمل اور باقاعدہ معاونت فراہم کی جا سکے۔ سیکرٹری خارجہ ایک برطانوی انسانی حقوق اور سفارتی گروپ کا تقرر کرے جو ان حالات اور الزامات کی تحقیقات کرے جن کے تحت کشمیری سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں۔ متعلقہ وزراء ہیومن رائٹس واچ اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق سے اس بات پر تبادلہ خیال کریں کہ کس طرح کشمیری عوام کے انسانی حقوق کو بہتر اور یقینی بنایا جائے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ مخلصانہ اُمید ظاہر کرتے ہیں کہ جموں اور کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حلہو اور یہ حل جلدی ہو۔ تاہم سیاسی ظلم و ستم کا مسلسل جاری سلسلہ اس حل کے راہ میں رکاوٹ ہے۔ اور برطانیہ کی حکومت کو یاسین ملک اور دیگر کے ساتھ منصفانہ سلوک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے آزادانہ اور منصفانہ ٹرائل کے حق کے لیے آواز اٹھانی چاہئے۔اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا جائے کہ شہری آزادی، انسانی حقوق اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا احترام کیا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ یہ بات ہمیں اور دنیا بھر کے بہت سے کشمیریوں پر واضح ہے کہ یاسین ملک کے مقدمہ کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں اس کی مزید مثال کشمیری عوام کے شہری اور انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر پامالی ہے جہاں بھارتی فوج سیاسی مخالفین کو باقاعدگی سے پکڑتی ہے، گرفتار کرتی ہے اور یہاں تک کے ان کو مار بھی دیا جاتا ہے۔ یاسین ملک کو کشمیری عوام کے لئے آزادی کی آواز بلند کرنے پر سزائے موت کا سامنا ہے۔اور ہم برطانیہ کی حکومت سے اس مقدمے کی مذمت کرنے کی اپیل کرتے ہیں اور یاسین ملک کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔مزید برآں برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اور یاسین ملک کے حوالے سے وزیر خارجہ سے اس معاملے کو اٹھایا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes