پاکستان میں غربا کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے انڈس ہسپتال کی جرمنی میں فنڈ ریزنگ تقریبات – Kashmir Link London

پاکستان میں غربا کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے انڈس ہسپتال کی جرمنی میں فنڈ ریزنگ تقریبات

برلن(کشمیر لنک نیوز)پاکستان میں غربا کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے والے انڈس ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کیلئے جرمنی میں دو تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ انڈس ہاسپٹلز اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے فنڈ ریزنگ کی پہلی تقریب برلن میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل تھے ۔جرمنی میں انڈس ہاسپٹلز اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے نام سفیرِ پاکستان کے ویڈیو پیغام سے کیا گیا جس میں انھوں نے انڈس ہاسپٹلز ہیلتھ نیٹ ورک کی خدمات اور ڈاکٹر عبدالباری کی مخلصانہ کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو اس کارخیر میں شرکت کی ترغیب دی۔

دوسری فنڈ ریزنگ کی تقریب فرینکفرٹ کے نواحی علاقے ہارہائم کے پرشکوہ ہال برگرہائوس میں ہوئی ،یہ تقریب حسن رضا،سید اقبال حیدر اور کومل ملک کی انتھک محنتوں کا نتیجہ تھی، نقیبِ محفل ہادیہ ذوالقرنین نے تقریب کا آغاز کیا،تلاوتِ قرآن،نعت،قومی ترانے کے بعدکمسن بچی مریم کےملی نغمے نے ہال کے ماحول کو گرما دیا۔ سیّد اقبال حیدر نے معزز مہمانوں میں قونصلیٹ جنرل پاکستان زاہد حسین،پرویز احمد،ابراہیم جمالی کا تعارف کرایا جب کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان اور ہیلتھ نیٹ ورک کے اعزازی سفیر معروف اداکار نعمان اعجاز کو سید اقبال حیدر نے خراجِ تحسین پیش کیا،کینیڈا سے آئے مہمان پرویز احمد نے انڈس ہاسپٹلز ہیلتھ نیٹ ورک کے منصوبوں کاتعارف کرایا۔

پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروردگار نے پاکستانی عوام پر خاص نظر عنایت کرتے ہوئے انہیں انسان دوست دل دیا ہے، یہ انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے،اداکار نعمان اعجاز نے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر میں سفر کئے مگر جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کی محبت اور گرمجوشی نے انھیں نہایت متاثر کیا ہے، نعمان اعجاز پاکستانی مرد و خواتین میں گھل مل گئے، ابراہیم جمالی اور نعمان اعجاز نے سید اقبال حیدر اور کومل ملک کی معاونت سے فنڈ ریزنگ کی ،کثیر تعداد میں لوگوں نے عطیات دیئے۔

علاوہ ازیں انڈس ہاسپٹلز اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے روح رواں پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان پاکستان میں انسانیت کی خدمت کیلئے زیرِ تعمیر منصوبوں کی تکمیل کیلئے اپنے ساتھیوں پرویز احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈس ہاسپٹلز ہیلتھ نیٹ ورک کینیڈا ،ابراہیم جمالی ڈائریکٹرانڈس ہاسپٹلز اور ہیلتھ نیٹ ورک انگلینڈ کے ساتھ یورپ کے دورے پر آئے، اس کارِ خیر میں شرکت کے لئے انڈس ہاسپٹلز ہیلتھ نیٹ ورک کے اعزازی سفیر پاکستان کے مشہور اداکار نعمان اعجاز بھی خصوصی طور پر جرمنی پہنچے۔جرمنی میں اس فلاحی کارواں نے ہیمبرگ،کولون،ہائیڈل برگ میں محب وطن پاکستانی معززین سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں اپنے طبی فلاحی منصوبوں پر آگاہی دی۔

50% LikesVS
50% Dislikes