سکاٹش پارلیمنٹ کے باہر بھارتی جنتا پارٹی کی گستاخانہ کاروائیوں کے خلاف مظاہرہ – Kashmir Link London

سکاٹش پارلیمنٹ کے باہر بھارتی جنتا پارٹی کی گستاخانہ کاروائیوں کے خلاف مظاہرہ

ایڈنبرا (کشمیر لنک نیوز) بھارتی جنتا پارٹی کی طرف سے حضور پاک ﷺ کی شان میں گستاخی اور ہرزہ سرائی پر اسکاٹ لینڈ کے پاکستانیوں اور مسلمانوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مسلم کونسل اسکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام اسکاٹش پارلیمنٹ کے سامنےایک پُرجوش مظاہرہ کیا گیا جس میں ہر عمر کے مردو خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ بھارتی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔

اسکاٹش پارلیمنٹ کے ممبران فیصل چوہدری اورمس این ویل نےبھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تنقید کی جب کہ دیگر کئی ممبران نے یک جہتی کے پیغامات بھیجے۔ مسلم کونسل اسکاٹ لینڈ کے کنوینر ڈاکٹر ادریس، مہناج القرآن کے ڈاکٹر رفیق حبیب ایڈنبرا کے مولانا عبدالغفور، ڈنڈی کے قیصر حبیب، گلاسگو کے خالد جاوید، مولانا شبیر ربانی، سعد سکندر سیال، ظفر اللہ و دیگر کئی افراد نے اپنے اپنے خطاب میں مودی حکومت کی فاشسٹ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دنیا کے کئی سرکردہ حکمرانوں اور عوام نے بھارتی رہنمائوں کی ان گستاخیوں کا زبردست نوٹس لیا ہے۔

سعودی عرب اوربحرین کی کئی سپر مارکیٹس سے بھارتی مصنوعات ہٹا لی گئی ہیں اور بعض ممالک نے بھارتی حکومت سے اس ہرزہ سرائی پر معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے جس سے دنیا کے ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کے دل دکھے ہیں ان رہنمائوں نے اسکاٹش اور برٹش حکومت کے علاوہ یورپی یونین، امریکہ اور دنیا کی تمام مہذب اقوام سے اپیل کی کہ وہ بھی مودی حکومت کی طرف سےتوہین، انسانی حقوق کی پامالی اور اقلیتوں پر ظلم و ستم کے خلاف بھارت کا سفارتی سطح پر بائیکاٹ کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes