گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک کیلئے شاندار خدمات کے معترف ہیں، یہ سب اس امر پر متفق ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نہ صرف اپنے آبائی ملک میں ووٹ دینے کا حق ہونا چاہئے بلکہ ان کو اقتدار کے تمام اعلیٰ ایوانوں میں موثر نمائندگی بھی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جسکا اہتمام مرزا محمد امین نے کیا تھا۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اس وقت خاصی مشکلات کا شکار ہے لیکن یہ صورت حال عارضی ہے۔ انشاء اللہ پاکستان کا مستقبل شاندار ہے۔ گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے چوہدری محمد سرور کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ایسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کا پہلا پاکستان نژاد اور مسلم ممبر پارلیمنٹ بن کر نہ صرف تاریخ رقم کی بلکہ اس کے ساتھ ہی دیگر پاکستانیوں کے لیے بھی برٹش پارلیمنٹ کے دروازے کھولے اور آج الحمدللہ ہائوس آف کامنز اور ہائوس آف لارڈز میں ہماری ایک معقول نمائندگی موجود ہے۔
تقریب کے میزبان پاکستان مسلم لیگ ن اسکاٹ لینڈ کے صدر مرزا امین نے کہا کہ چوہدری محمد سرور ایک بین الاقوامی شخصیت ہیں اور پوری دنیا کے پاکستانیوں اور مسلمانوں میں ان کا نام بڑی عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔ آخر میں چوہدری محمد سرور کی70ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور تمام شرکا نے ان کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لیے دعا کی۔