گریٹر مانچسٹر امیچور لیگ کے انتہائی اہم میچ میں کشمیر کرکٹ ٹیم کی ڈریلیز سٹرایکرز کو شکست

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر)گریٹر مانچسٹر امیچر کرکٹ لیگ کا انتہائ اہم میچ کشمیر کرکٹ کلب اور ڈرلرز سٹرایکرز کرکٹ ٹیم کے درمیان گیٹلے گراؤنڈ میں کھیلا گیا جو کشمیر کرکٹ ٹیم نے باآسانی جیت لیا۔ میچ کی خاص بات کشمیر کرکٹ ٹیم کے کپتان اور فاسٹ باؤلر عرفان رشید کی تباہ کن باؤلنگ تھی جنہوں نے ڈرلرز سٹرایکرز کے چھ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کشمیر کرکٹ ٹیم کے یوراج نے 60 رنز اور فیض احمد شاہ نے 25 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے مشکل ترین وکٹ پر سکور کو 169 تک پہنچایا ۔ اس موقع پر کشمیر کرکٹ ٹیم کے سینیئر کھلاڑی سابق چیئرمین گریٹر مانچسٹر امیچر کرکٹ لیگ عدنان غضنفر کا کہنا تھا کہ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیاں ہمارے نوجوانوں کے لیے اچھی ہیں ہمیں اسے آگے لے کر جانا چاہیے میچ جیتنے پہ دلی خوشی ہوئی۔

تراب نقوی نے کہا کہ میچ جاندار رہا ہمیں جیت نصیب ہوئی کرکٹ سیزن اختتام کی جانب گامزن ہے ہم اگلا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کشمیر کرکٹ کلب کے چیئرمین اظہر محمود اور چیف پیٹرن پاپا رشید نے میچ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیتنے سے اگلی ڈویژن میں جانے کے امکانات روشن ہوئے ہیں ۔ ڈریلیز سٹرایکرز کرکٹ ٹیم کے کپتان نئیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کرکٹ ٹیم سے میچ ہوا وہ جیتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے سب سے اہم بات دیار غیر میں ہم کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اپنے نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کر رہے ہیں تاکہ وہ صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنیں ۔ ڈریلیز سٹرایکرز کرکٹ کے اٹھارہ سالہ نوجوان عبد الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کشمیر کرکٹ ٹیم نے میچ جیتا ہم نے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کی لیکن نہ جیت سکے انکا کہنا تھا کہ ہفتے کے اختتام پر بجائے دیگر سرگرمیوں کے کرکٹ کھیل کر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ گریٹر مانچسٹر امیچر کرکٹ لیگ کے تحت کھیلنے والی کرکٹ ٹیموں کی جانب سے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے کرکٹ جیسی صحت مند سرگرمی کا حصہ بنانا قابل ستائش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں