لندن پریمیئر لیگ فائنل میچز میں برٹش افغان ٹیموں کی شاندار کارکردگی، سلیم یٰسین نے انعامات تقسیم کئے

لندن (کشمیر لنک نیوز) موسم گرما میں برطانیہ سمیت یورپ بھر میں ایشیائی لوگ اپنے ثقافتی پروگرامز اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرتے ہیں جن سے معاشرے میں صحت مندانہ ماحول پیدا ہوتا ہے۔ کرکٹ چونکہ انکا پسندیدہ ترین کھیل ہے اسلئے برطانیہ اور یورپ میں بھی ٹی ٹونٹی اور ٹی ٹین لیگ میچز کھیلے جاتے ہیں۔ لندن پریمیئر لیگ کے زیراہتمام ان ٹورنامنٹس کے فائینل کھیلے گئے جس میں شائقین کی کثیر تعداد نے گرائونڈ میں آکر میچز دیکھے اور کھلاڑیوں کو انکی کارکردگی پر شاباش دی۔
ذیشان احمد، جاوید خان، ندیم احمد، یونس آفریدی، سلیم صابری، وسیم احمد، غالب شریف، علی رضا، نصیر احمد،حسیب خان اور دیگر مہمان بھی فائنلز سے لطف انداز ہوئے۔ فائنلز میں مصدق ڈار، ونود پاٹیل اور مواض بٹ نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ فائنلز ایل پی ایل کے فیس بک پیج پر لائیو دکھائے گئے جنہیں پوری دنیا سے ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور دلچسپی کا اظہارکیا۔ ان میچز کے اختتام پر سلیم یٰسین مہمان خصوصی، ملک منگل چیئرمین اور ابرار میر صدر لندن پریمیئر لیگ، بوبی یٰسین اور عامر خان نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کیئے۔

ٹی ٹین کا دلچسپ فائنل الفرڈ ٹاؤن کلب اور برٹش افغان کلب کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ ٹاس جیت کر الفرڈ ٹاؤن کے کپتان نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ برٹش افغان کے بیٹسمینوں نے پہلی بال سے ہی مار دھاڑ شروع کردی اور مقررہ دس اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنا ڈالے جس میں بیٹنگ میں عمر ایوب 25 اور کپتان ذبیح اللہ 18نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں الفرڈ ٹاون کے بیٹسمینوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ آخری اوور میں 18 رنز درکار تھے لیکن 11 رنز بنائے جاسکے اور یوں برٹش افغان نے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائنل چھ رنز سے جیت لیا۔
ٹی ٹونٹی میں بھی انہی کلبز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ افغان یونائٹڈ کے اوپنرز اکرام شیر اور رسول منگل نے آغاز تو اچھا کیا لیکن وقفے وقفے سے انکی وکٹیں بھی گرتی گئیں مگر آخری تین اوورز میں ضبیح سلیمی اور ملک منگل نے 30رنز بناکر افغان یونائٹڈ کا ٹوٹل 139تک پہنچا دیا۔ 140کے ہدف کے تعاقب میں الفرڈ ٹاؤن نے بھی بہترین آغاز کیا مگر جب اوپنرز اور کپتان مرون ویسٹ فیلڈ آؤٹ ہوئے تو اوسط بڑھنا شروع ہوگئی، آخری اوور میں الفرڈ ٹاؤن کو جیت کیلئے 23 رنز درکار تھے مگر4رنز ہی بن سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں