لندن (کشمیر لنک نیوز) کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے حوالے سے آل پارٹیز تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں برطانیہ میں مقیم کشمیری رہنمائوں نے شرکت کی اور سید علی گیلانی کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض کشمیر کمپین گلوبل کے ظفر قریشی نے ادا کئے جبکہ شرکا میں سربراہ ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ نذر قریشی، کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری قربان، مہتمم جامعہ اسلامیہ لوٹن علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، جے کے ایل ایف کے پروفیسر راجہ ظفر خان، صابر گل، پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، سابق میئر ریاض بٹ، کونسلرز طاہر ملک ، راجہ وحید اکبر، تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری شریف، پی پی کے ملک غلام محی الدین اور مسلم کانفرنس کے شبیر ملک شامل تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیری رہنمائوں کا کہنا تھا کہ محسن کشمیر سید علی گیلانی کے الفاظ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے تاریخ کا حصہ ہیں ۔ تکمیل پاکستان کے لیے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ارباب و اقتدار نے ممتاز کشمیر ی رہنما سید علی گیلانی کی نظریاتی سوچ کوابھی تک نہیں اپنایا۔ شہدائے جموں کشمیر کی قربانیاں مطالبہ کرتی ہیں کہ پاکستان مسئلہ کشمیر میں فریق ہونے کے ناتے مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔
ان رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود سید علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی، سید علی گیلانی نے تین کشمیری نسلوں کو اپنی جدوجہد سے متاثر کیا، وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے، وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ پاکستان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیری لیڈرشپ کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کے لیے اقدامات کرے۔
اس موقع پر مشترکہ طور پر ایک قرارداد پاس کی گئی کہ بھارت کے حکمران اور اس کا الیکٹرانک میڈیا مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیری عوام کو دہشت گردی کا الزام دینے کے لیے پوری طرح متحرک ہے جبکہ ہمارا میڈیا خاموش ہے ۔ اس پر ضروری ہے کہ پاکستان بیرون ملک پاکستانی ہائی کمیشن میں کشمیر ڈیسک قائم کرے جو کشمیر ہاؤس قائم کرے تاکہ کشمیری قیادت متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے، جسکی تمام شرکا نے تائید کی۔