لندن (کشمیر لنک نیوز) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال پر حکومت اور برطانوی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پاکستان بھر میں پیر 12ستمبر کو یومِ سوگ منایا جا رہاہے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک سمیر دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں بھی پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔ قبل ازیں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر تعزیتی خط تحریر کیا جس میں انہوں نے ملکہ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں برٹش ہائی کمیشن کا بھی دورہ کیا اور اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
برطانوی وزیر اعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے اپنے دور حکمرانی میں دنیا میں مثبت تبدیلوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔ خط میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی زندگی بے لوث عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی اور ان کی باوقار موجودگی برطانیہ کے عوام کے لیے تقویت کا باعث تھی۔ ملکہ الزبتھ دوم کی خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں دولت مشترکہ کی تنظیم دنیا میں آزاد ممالک کی مضبوط تنظیم بن گئی ہے۔ طویل عرصہ تک عوامی خدمات کے تحفظ کے لیے خدمات کے باوجود ملکہ الزبتھ کی شخصیت اور ان کی موجودگی برطانیہ اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے اتحاد اخوت کی طاقت کا نشان بنی۔
واضع رہے وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 15 سے 16 ستمبر تک ازبکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 18 ستمبر کو لندن جائیں گے، لندن کے 2 روزہ دورے میں وہ سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔ جبکہ اسی دوران ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کا امکان ہے۔