چیئرمین تحریک حق خودارادیت راجہ نجابت کو ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے کی خوشی میں تقریب

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشل کے چئیرمن راجہ نجابت حسین کو پچھلے پچاس برس مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے عالمی سطح پر موثر آواز اٹھانے پر حکومت پاکستان نے ستارہ پاکستان سے نوازا۔ اس خوشی میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشل کے مرکزی عہدیداران و کارکنان نے اولڈہم کے مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ دیا۔

تقریب میں خصوصی طور پر تحریک کے سینئر نائب صدر امجد حسین مغل ،کونسلر یاسمین ڈار، روبینہ خان ، فرزانہ افضل ، کونسلر نائلہ شریف و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ پچاس برسوں سے تحریک آزادی کشمیر کے لیے سرگرم ہیں حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ پاکستان کا اعزاز مخلص ساتھیوں کی محنت مقبوضہ کشمیر کے شہیدوں اور غازیوں کے صدقے ملا ۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے لیے آئندہ بھی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔


سینئیر نائب صدر امجد حسین مغل کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے راجہ نجابت حسین کی خدمات کا دائرہ عالمی سطح تک پھیلا ہوا ہے ہم حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انکی خدمات کو سراہتے ہوئے ستارہ پاکستان سے نوازا ۔ کونسلر یاسمین ڈار نے کہا یہ ہمارے لیے قابل فخر بات کہ حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ پاکستان سے نوازا ۔ راجہ نجابت حسین نے پچھلے بچاس برسوں میں جو مظلوم کشمیریوں کی آواز اٹھانے میں جانفشانی سے کام کیا ہے اسی کا صلہ ملا ہے۔ کونسلر نائلہ شریف نے کہا کہ راجہ نجابت حسین نے پچھلے بچاس سال مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہم انہیں ستارہ پاکستان ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ساتھ میں آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے برطانیہ کے لیے انکی ستر سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

روبینہ خان نے بھی راجہ نجابت حسین مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیت کی اور انکی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ فرزانہ افضل کا کہنا تھا کہ ہم نے ملکہ برطانیہ الزبتھ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے پر راجہ نجابت حسین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداران و کارکنان نے بانی چئیرمن راجہ نجابت حسین کو مظلوم کشمیریوں کی عالمی سطح پر موثر آواز اٹھانے پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے اور برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ کے انتقال پر انکی ستر سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کر کے ملی بیداری کا عملی ثبوت دیا۔