راچڈیل (محمد فیاض بشیر)آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راچڈیل سینٹ چاڈ چرچ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ راچڈیل کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر علی عدالت و دیگر سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن برطانوی پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ کا کہنا تھا کہ ملکہ برطانوی قوم کی سربراہ تھیں جو برطانیہ میں بسنے والی بین الثقافتی و بین المذہب کمیونٹی کی نمائندہ تھیں اسی وجہ سے انکی خاص دعائیہ تقریب میں بین الثقافتی و مذاہب کے افراد شریک ہیں وہ اس قوم کی یک آواز تھیں دعائیہ تقریب کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے۔


ڈپٹی لیڈر راچڈیل کونسلر علی عدالت کا کہنا تھا کہ ہم سوچتے ملکہ برطانیہ ہمیشہ رہیں گی لیکن ہمیشہ رہنے والی اللہ کی ذات ہے اب چارلس سوئم برطانیہ کے بادشاہ بنے ہیں ملکہ برطانیہ کی وفات سے ہم دکھی ہیں لیکن ایک دن سب نے دنیا چھوڑنی ہے ۔ راچڈیل کونسل کی سابق مئیر جین گارتھ سائیڈ کا کہنا تھا ہم سینٹ چاڈ چرچ میں اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کیونکہ ملکہ برطانیہ راچڈیل میں اس چرچ کا دورہ کر چکی ہیں ہم انکی برطانیہ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اکٹھے ہوئے ہیں ۔
راچڈیل کونسل کے چیف ایگزیکٹو سٹیو رمبلو کا کہنا تھا دعائیہ تقریب کے انعقاد کا مقصد ملکہ برطانیہ کی ملک و قوم کی خدمات کو سراہنا ہے انہوں نے ستر سال بحیثیت ملکہ ملک و قوم کی اعلیٰ ترین خدمت کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔غلام رسول شہزاد نے بھی ملکہ برطانیہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا راچڈیل کے ساتھ والہانہ لگاؤ تھا ۔ آنجہانی ملکہ برطانیہ کی ملی و قومی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین و عقیدت پیش کرنے کے لیے راچڈیل کونسل کی جانب سے سینٹ چاڈ چرچ میں دعائیہ تقریب قابل ستائش ہے۔