لندن؛ وزیر اعظم پاکستان کی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت، کنگ چارلس سے ملاقات – Kashmir Link London

لندن؛ وزیر اعظم پاکستان کی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت، کنگ چارلس سے ملاقات

لندن (عمران راجہ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں بادشاہ کی جانب سے معزز مہمانوں کے لیے دیے گئے استقبالیہ کے دوران شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کی اور ان کی والدہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کے لیے تحریک اور طاقت کا سرچشمہ تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ملکہ کے پاکستان کے دو دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ چارلس سوئم کو تخت نشین ہونے پر نیک خواہشات پیش کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دولت مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کی جلد آمد اور استقبال کے منتظر ہیں۔

وزیر اعظم نے برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور مدد پر برطانوی بادشاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا برطانوی حکومت اور عوام دونوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی اپیل پر مثبت ردعمل کو پاکستان میں بے حد سراہا گیا۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنا دورہءِ برطانیہ مکمل کرکے اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے لوٹن ایئر پورٹ سے نیو یارک روانہ ہوگئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes