برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ کے دورے پر آئے سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ اس وقت تین چوتھائی پاکستان جو کہ برطانیہ کے برابر بنتا ہے، پانی میں ڈوبا ہوا ہے، ہمیں مل کر ملک کو مسائل سے نکالنا ہوگا، انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام سیاسی قیادت اور اداروں کو اپنے ذاتی مفادات بالائےطاق رکھ کر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ مشکل میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا، زلزلہ ہو سیلاب ہو، اوورسیز نے ہمیشہ دل کھول کر مدد کی۔
وہ اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے جسکا اہتمام قائد اعظم ٹرسٹ نے کیا تھا۔ میزبان راجہ اشتیاق خان، آزاد کشمیر کے سابق وزیر راجہ جاوید اقبال خان، ملک فتح خان اور دیگر بھی عشائیہ میں شریک تھے۔سینیٹر عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر ملک کو مسائل سے نکالنا ہوگا، ہمیں اپنے ملک پر فخر ہے جس نے سرکاری اسکولوں اور ٹاٹ کے اسکولوں میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے والوں کے سینوں پر تمغے سجائے۔ پاک فوج کی بدولت پاکستان کی عالمی سطح پر پہچان ہے اور ملک محفوظ ہے۔ PDM کی موجودہ حکومت اور خاص کر وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو جیسے نوجوان وزیر خارجہ کی بدولت عالمی برادری بڑھ چڑھ کر پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کر رہی ہے۔


چیئرمین قائداعظم ٹرسٹ راجہ اشتیاق خان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں بلکہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کی مدد کی جائے، پاکستان ہماری مدرلینڈ ہے برطانیہ ہوم لینڈہے، ہم پاکستان میں پیدا ہوئے، برطانیہ نے پرورش کیا، ہم دو ملکوں کے شہری ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سجاد خان کا کہنا تھا گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اب عالمی برادری کو مل کر اس صورتحال پر قابو پانا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کی خدمات کو عالمی برادری نے سراہاہے تاہم ہمیں اس سےبڑھ کرفیصلےکرنا ہوں گے۔