سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں کے اثرات پاکستان پر 20 سال سے زائد عرصہ تک رہ سکتے ہیں؛ ناز شاہ ایم پی

بریڈفورڈ (کشمیر لنک لندن) وطن عزیز پاکستان تاریخ کے بدترین سیلاب میں مبتلا ہے ایسے میں ناصرف دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اس حقیقت کو سمجتے ہوئے اسکی مدد کررہے ہیں بلکہ اوورسیز پاکستان بھی اپنا فرض سمجھتے ہوئے ہم وطنوں کی آباد کاری کیلئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمیونٹی رہنمائوں نے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں کیا جس کا اہتمام پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنا آصف نسیم راٹھور نے کیا تھا۔
تقریب کی مہمان خصوصی مقامی ممبر پالیمنٹ ناز شاہ تھیں۔ جبکہ علامہ قاری محمد عباس ، راجہ نجابت حسین صدر تحریک حق خود ارادیت کشمیر (ستارۂ پاکستان )،راجہ عبد الخالق، چوہدری عبدالقیوم ماموں ،خواجہ پرویز احمد ، نسیم شہزاد راٹھور ، شاہد اقبال ، ارشد محمود میر ، نوید بٹ ، زاہد قریشی ، ساجد خواجہ ، حاجی نذیر اعوان و دیگر شریک محل تھے۔ تمام شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیئے۔

مہمان خصوصی ناز شاہ ایم پی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے گھر بار ، مال مویشی ، کھیتی باڑی ،فصلیں اور جمع پونجی سب کچھ تباہ و برباد ہو چکا ہے، ہزاروں کی تعداد میں سیلاب کی وجہ سے لوگ مر چکے ہیں، سیلابی ریلے سب کچھ بہا کر لے گئے ، اس سیلابی پانی کے تعفن اور مچھروں کی وجہ سے مختلف وبائی امراض اور بیماریاں پھیل رہی ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگیاں مزید اجیرن ہو گئی ہیں ،ان لوگوں کو کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی تمام اشیا کی اشد ضرورت ہے ،اگر بروقت ان کی زندگیوں کو بحال نہ کیا گیا تو بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے حالیہ متاثرین کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے دو چار سال نہیں بلکہ ان کو بیس سال سے بھی زیادہ عرصہ درکار ہو گا، ان کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو ایسی بے چارگی اور کسمپرسی کے عالم میں کبھی نہیں دیکھا، ساری دنیا ان سیلاب زدگان کی مدد تو کر رہی ہے لیکن جس طریقے سے اور جتنی کرنی چاہئےاس حساب سے بہت کم ہے، اس وقت پاکستان کے عوام پر بہت مشکل وقت ہے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ ہم سب پاکستانیوں کو چاہئے کہ بڑھ چڑھ کر اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں ،انسانی ہمدردی کے تحت ہم سب پر فرض ہے کہ اس مشکل ترین وقت پر اپنی عوام کی ہر لحاظ سے خدمت کریں۔

تقریب کے میزبان اور بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ کے چیف آرگنائزر آصف نسیم راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے بے پناہ نقصان پہنچ چکا ہے جس کا ازالہ انتہائی مشکل ہے ، اس مشکل گھڑی میں پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کی اشد ضرورت ہے ،پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنرل اسمبلی میں تمام ممالک سے پاکستان کیلئے مدد کی اپیل کی ہے ،اس وقت جو لوگ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے کوشاں اور کمر بستہ ہیں وہ واقعی قابل ستائش ہیں تمام لوگوں کو ان کی حتی المقدور مدد کرنی چاہئے جو ادارے اور تنظیمیں سیلاب سے متاثرین کی بحالی کیلئے رات دن خدمت سرانجام دی رہی ہیں۔ ان سب کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔