کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) عالمی برادری کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اور دیش کشمیری تحریک آزادی کشمیر کی موثر اور توانا آواز ہیں۔ کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ کے کشمیریوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جو گزشتہ چار دھائیوں سے عالمی سطح پر کشمیریوں کو منظم کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کے سفارتی محاذ پر مصروف جدوجہد ہے۔ برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی کو منظم کرنا اور بالخصوص نوجوان نسل، خواتین اور کشمیری پروفیشنلز کو متحرک کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے نو منتخب عہدیداروں کی تعارفی تقریب، میڈیا سے گفتگو اور رابطہ کمیٹی کے سابق عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
تقریب کی صدارت کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے نو منتخب صدر مولانا طارق مسعود خان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض نو منتخب سیکریٹری جنرل ساجد یوسف نے سر انجام دیئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق مسعود خان نے کہا کہ کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا ایک متفقہ ، مشترکہ اور انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے جو گزشتہ چار دھائیوں سے عالمی سطح پر تحریک آزادی کی ایک توانا آواز بن کر مصروف عمل ہے۔ کشمیری جماعتوں کے قائدین نے ہم پر جو ذمہ داری عائد کی ہے اس کو نبھانے کےلیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ اس موقع پر انہوں کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری شاہ نواز ، سیکریٹری جنرل صاحبزادہ فاروق قادری اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہو کہا کہ انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران جس خلوص اور تندہی سے برطانیہ بھر کے کشمیریوں کو متحد کرنے اور مسلۂ کشمیر کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کےلیے کوشش کی ہے ہم کوشش کریں کہ ان کے مقرر کیے ہوئے معیار کے مطابق مسلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر چوہدری شاہنواز نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں اپنے پورے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مسلۂ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کےلیے زندگی اور موت کا مسلۂ ہے اس مسلۂ پر سیاست کرنے بجائے ہمیں اپنے اختلافات اور مفادات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے اور اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکریٹری جنرل صاحبزادہ فاروق قادری، ممتاز عالم دین مولانا محمد الطاف، جمعیت علمائے اسلام برطانیہ کے سیکریٹری جنرل قاری عمران الحق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور حسین، قاری اظہار ، مولانا شاہد ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء غضنفر محمود، چوہدری وقاص گجر، پاکستان پریس کلب مڈلینڈز کے صدر ر نواز چغتائی، سینئر صحافیوں سید عابد کاظمی، راجہ ناصر محمود ، ایس ایم عرفان طاہر، سرفراز موسی، تعیمور شہزاد، بشارت محمود، شعیب راجپوت، محسن مہدی اور دیگر مقررین نے کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔