برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ قربان حسین کا دورہ کام سیٹس، ادارے کی کارکردگی کو سراہا

لوٹن (شیراز خان) برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ قربان حسین نے اپنے دورہ پاکستان کے سلسلے میں ملک کے معروف ادارے کام سیٹس کا دورہ کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹرکام سیٹس سیکرٹریٹ اور سابق ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد نفیس زکریا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ لارڈ حسین نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے مہمان کوکام سیٹس کے کام کے بارے میں بریفنگ دی، جس کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں اس کے اراکین کو فائدہ پہنچانا ہے۔ ہاؤس آف لارڈز کے معزز ممبر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر نفیس ذکریا نے اس اہمیت پر زور دیا کہ سائنس اورٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے حصول سے نہ صرف عالمی جنوبی برادری کو فائدہ پہنچے گا بلکہ عالمی برادری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مدد ملے گی۔لارڈ حسین نے کام سیٹس کی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔