مانچسٹر میں کورونا لاک ڈائون کے خلاف بڑا مظاہرہ، جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی – Kashmir Link London

مانچسٹر میں کورونا لاک ڈائون کے خلاف بڑا مظاہرہ، جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) دنیا میں آج بھی لاکھوں لوگ ایسے موجود ہیں جو کورونا جیسی جان لیوا وبا کو مذاق سمجھتے ہیں اور یہ لوگ صرف ترقی پذیر ممالک میں ہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔


برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں آئے روز ایسے مظاہرے دیکھنے کو ملتے ہیں جس میں شریک لوگوں کا مطالبہ ہوتا ہے کہ انہیں پابندیاں منظور نہیں، ایسا ہی ایک مظاہرہ مانچسٹر میں بھی ہوا جس میں نوجوانوں کی کثیر تعداد پر مشتمل ہزاروں مظاہرین نے شرکت کی۔

ان مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر اپنا اپنا موقف درج کیا ہوا تھا، مظاہرین نے مانچسٹر سٹی سنٹر کے سامنے پکاڈلی میں اپنا بھرپور احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ کرایا۔ لیکن جب مظاہرین آپے سے باہر ہونے لگے تو پولیس کو طلب کرلیا گیا۔

مظاہرین نے نہ صرف سماجی فاصلے بلکہ چہرے پر ماسک استعمال کرنے کے احکامات کی دھجیاں بکھیر دیں، سینکڑوں افراد ایک ہی جگہ پر اکٹھے ہوکر احتجاج کرتے رہے۔
مظاہرین سے خطاب کرنیوالوں نے سپیکر کے ذریعے ان تمام سیاستدانوں کے عمل کو غداری قرار دیا جس میں انہوں نے دوبارہ لاک ڈائون کے حق میں ووٹ دیا۔

اس موقع پر پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں اور مزید پولیس کو طلب کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی جس پر حالات قابو سے باہر ہوئے اور جھگڑوں کے باعث مظاہرین کے علاوہ پولیس والے بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس نے موقع پر دودرجن سے زائد مظاہرین کو بھاری جرمانہ عائد کیا جب کہ متعدد افراد کو نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس حکام کا موقف تھا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن میں تیزی کے ساتھ اضافے کے باعث حکومتی فیصلے سامنے آئے جن پر عمل کرنا عوام کا فرض ہے۔ ایسے حالات میں احکامات کی خلاف ورزی سراسر جرم ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes