انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ویمن ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کا حتمی شیڈول جاری کردیا – Kashmir Link London

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ویمن ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کا حتمی شیڈول جاری کردیا

لندن (مسرت اقبال) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ویمن انگلش ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم سارے میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے گی، ویمن ٹیم انگلینڈ مین ٹیم کے ساتھ روانہ ہوگی۔ مینجنگ ڈائیریکٹر ویمن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہمیں دورے کا اعلان کرنے پر بہت خوشی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق مہمان ٹیم کراچی میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، ویمنز ورلڈ چیمپئن ٹیم دورے میں شامل دوٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے گی، یہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گے کہ جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی، مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ کل چاروں میچز( 2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے) ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے، پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں جس میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی جب کہ پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 اور ون ڈے سیریز 0-3سےجیت لی تھی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصا ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کےفروغ کےلیے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے، یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجوداعتماد کی واضح مثال ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ دورہ شاندار ثابت ہوگا۔

کلیئر کانر نے مزید کہا کہ دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے آن فیلڈ کرکٹ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس دورے سے ہم دنیا بھر خصوصا ًاس خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا اہم حصہ بھی ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ سال پاکستان آئی تھیں، لہٰذا وہ جانتی ہیں کہ یہ دورہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے کتنا یادگار رہے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes