پی ایس ایل 6 کےآفیشل ترانے پر شائقین برہم، مزاحیہ اور طنزیہ میمز کا سلسلہ شروع – Kashmir Link London

پی ایس ایل 6 کےآفیشل ترانے پر شائقین برہم، مزاحیہ اور طنزیہ میمز کا سلسلہ شروع

لندن (مسرت اقبال) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے آفیشل ترانے ’گروو میرا‘ پر شائقین کرکٹ اور موسیقی کے مداحوں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ینگ اسٹنرز (Young Stunners) کے ارکان کی جانب سے گائے گئے پی ایس ایل 6 کے آفیشل ترانے کو گزشتہ روز ریلیز کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری ہونے کے بعد جہاں یوٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں اس ترانے کو سُنا گیا تو وہیں سوشل میڈیا پر ’گروو میرا‘ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس کے بعد صارفین کی جانب سے مزاحیہ اور طنزیہ میمز شیئر کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

شائقین کرکٹ کا ’گروو میرا‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے پچھلے تمام سیزن کے آفیشل ترانے اس سے لاکھ درجے بہتر تھے جبکہ کچھ صارفین کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ کاش اُنہیں یہ گانا سُننا ہی نہیں چاہیے تھا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’وہ پی ایس ایل 6 کا آفیشل ترانہ سُننے کے بعد رو پڑے ہیں۔‘

فہد نامی صارف نے ’گروو میرا‘ کی ویڈیو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں نے پی ایس ایل 6 کا آفیشل ترانہ ٹی وی پر لگایا تو میری والدہ نے مجھے ٹی وی سمیت گھر سے باہر نکال دیا۔‘

اقراء عامر نامی صارف نے علی ظفر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کوئی بھی گلوکار علی ظفر کو شکست نہیں دے سکتا اور نہ ہی گانوں میں ان جیسی توانائی بھر سکتا ہے۔‘

واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آفیشل ترانہ سُننے کے بعد زیادہ تر مداحوں نے علی ظفر سے پاکستان سپر لیگ کے لیے دوبارہ گانا ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes