سائرہ پیٹر کا ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے نیا گانا ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ ریلیز – Kashmir Link London

سائرہ پیٹر کا ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے نیا گانا ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ ریلیز

لندن(مونا بیگ) برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے جذبے اور کامیابی کے پیغام کے ساتھ نیا گانا ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ ریلیز کردیا۔

گانے کی ویڈیو میں بین الاقوامی شہرت یافتہ رقاص گروپ نے حصہ لیا اور گانے کی موسیقی نامور فلمی موسیقار توفیق قریشی نے دی ہے۔ سائرہ پیٹر کا یہ پارٹی سونگ نوجوانوں کے لیے محبتوں کے عالمی دن پر خاص تحفہ ثابت ہوگا۔

اس گانے ’زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ کے بارے میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ میں نے اب تک سنجیدہ گیت اور صوفیانہ کلام زیادہ گائے ہیں۔ پہلی بار نوجوانوں کی پسند کو سامنے رکھتے ہوئے یہ گانا ریلیز کیا ہے۔ اس گانے کی میکنگ میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے حصہ لیا ہے۔ گانے کی ویڈیو میں عالمی معیار کو سامنے رکھا گیا ہے مجھے اُمید ہے کہ نئی نسل کو یہ گانا ضرور پسند آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ موسقار توفیق قریشی نے کمال کی موسیقی ترتیب دی ہے، میں نے کوشش کی کہ یہ گانا نوجوانوں کے دل جیت لے گا کیونکہ موسیقی سننے والوں میں سب سے زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جو کسی بھی گانے کو سپر ہٹ کروانے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔

سائرہ پیٹر نے کہا کہ میں نے اپنے نئے گانے میں نوجوانوں کو ایک پیغام دیا ہے کہ زندگی ایک بار ملتی ہےاور ہم سب کو اس کی قدر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اُمید کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں اور اپنی صلاحیتوں سےدنیا بھر میں نام روشن کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes